7 مئی 2014
وقت اشاعت: 1:19
صحافیوں کیخلاف سنگین غداری کا مقدمہ چلانے کی زید حامد کی در خواست سماعت کیلئے منظور
جیو نیوز - اسلام آباد…سپریم کورٹ نے حامد میر، حسن نثار، نجم سیٹھی سمیت دیگر صحافیوں کے خلاف سنگین غداری کا مقدمے چلانے کی زید حامد کی در خواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ درخواست میں ڈی جی آئی ایس آئی ، وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست کی سماعت جسٹس ناصر الملک نے اپنے چیمبر میں کی۔ درخواست گزار زید حامد کی جانب سے احمد رضا قصوری پیش ہوئے۔ جسٹس ناصر الملک نے رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کو واپس لیتے ہوئے درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ ساوٴتھ ایشین فری میڈیا ایسوسی ایشن سے منسلک، خالد احمد، بینا سرور، سرمد منظور، امتیاز عالم، اینکر پرسن نصرت جاوید، حامد میر، نجم سیٹھی، حسن نثار اور سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عاصمہ جہانگیر کے خلاف سنگین غداری کا مقدمے چلایا جائے اور ان افراد کو ٹی وی پر کسی بھی پروگرام میں آنے سے روکا جائے کیونکہ ان افراد نے دو قومی نظریئے، آئین اور قائد اعظم کے خلاف بیانات دیئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایسا ملک دشمن مواد نشر ہونے پر وزارت اطلاعات و نشریات، پیمرا اور ڈی جی آئی ایس آئی سے بھی جواب طلب کیا جائے۔ درخواست دو سال قبل27 مارچ 2012ء کو زید حامد کی جانب سے دائر کی گئی تھی جسے 7اپریل 2012ء کو سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا۔ اعتراضات میں کہا گیا تھا کہ درخواست کے لیے سپریم کورٹ مناسب فورم نہیں جبکہ درخواست گزار نے زیریں عدالتوں کے بجائے اعلیٰ عدلیہ سے براہ راست رجوع کیا ہے جوکہ درست نہیں۔