7 مئی 2014
وقت اشاعت: 15:50
جمہوریت کیلئے نواز شریف کے ساتھ بھی کھڑے ہوں گے ،جاوید ہاشمی
جیو نیوز - اسلام آباد…تحریک انصاف کے رکن جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جمہو یت کے خلاف جو سازش کرے گا وہ اس کے خلاف لڑیں گے،جمہوریت کیلئے نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا تو کھڑے ہوں گے۔ ان کا کہناہے کہ وہ جنگ اور جیو سمیت کسی بھی ادارے پر پابندی کے خلاف ہیں، افواج کو بھی آئین اور قانون کے مطابق چلنا ہوگا، جو آئین سے انکار کرے اسے سزا ملنی چاہیے۔قومی اسمبلی اجلاس میں امن وامان کی صورت حال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے تحریک انصاف کے جاوید ہاشمی نے کہا کہ جنگ اور جیو کا معاملہ بھی حامد میر کمیشن میں رکھنا چاہیے جن کے پاس قلم ہے وہ اسے ذمہ داری سے چلائیں اوربندوق والے ذمہ داری سے بندوق چلائیں، وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کو اکٹھا کریں اور غلط فہمیاں دور کریں،سب مل کر پارلیمنٹ کو بچانے میں کردار ادا کریں۔جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر طارق اللہ نے کہا کہ غداری کا طعنہ ایک روایت بن چکا ہے، حامد میر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان پر حملے کی تحقیقات کر کے حقائق کو سامنے لایا جائے۔ وفاقی وزیررانا تنویز کا کہنا تھا کہ جس پارٹی کا سربراہ تھوڑی دیر کے لیے بھی ڈکٹیٹر کے ساتھ رہا ہو، اسے جمہوریت کی بات زیب نہیں دیتی۔ رانا تنویر کے ان ریمارکس پرجاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کے دیگر ارکان نے احتجاج کیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کا دہرا میعار ہے، جہاں الیکشن جیت جائیں، وہاں ٹھیک، جہاں ہار جائیں وہاں دھاندلی کی باتیں کرتے ہیں، یہ ضروری نہیں کہ میڈیا کو ڈنڈے کے زور پر کنٹرول کیا جائے۔ایم کیو ایم کے ارکان نے کراچی میں اپنے کارکنوں کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اجلاس سے واک آوٹ کیااور مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی تحقیقات کیلئے غیر جانبدارانہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔ اجلاس جاری تھا کہ جے یو آئی کے مولانا امیر زمان نے نماز کے وقت کی نشاندہی کرتے ہوئے آزان دینا شروع کردی اور پھر نماز کیلئے چادر بچھا دی جس پر ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کل تک کیلئے ملتوی کردیا۔