تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 مئی 2014
وقت اشاعت: 17:41

وزیر اعظم نے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی لانے کی ہدایت کردی

جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراعظم نوازشریف نے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کے موجودہ دورانیے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیاہے ، اگلے چند روز میں شہروں میں لوڈ شیڈنگ 6 اور دیہی علاقوں میں 7 گھنٹے تک لانے کی ہدایت کردی ہے۔وزیر اعظم کو بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک سسٹم میں 35 سو میگا واٹ مزید بجلی شامل ہو جائے گی۔وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار اور لوڈ شیڈنگ کی صورت حال پر غور کیاگیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، پانی وبجلی ،پیٹرولیم ،ریلوے کے وزراء اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کو اگلے چند روز میں ہرصورت کم سے کم کیا جائے تاکہ موسم گرما میں عوام کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ نہ ہو۔ وزیراعظم نے وزارت پانی وبجلی ،پیٹرولیم اور ریلوے کو ہدایت کی کہ جامشورو اور مظفرگڑھ پاور پلانٹس کو اضافی فیول فراہم کر کے ان سے 630 میگا واٹ اضافی بجلی حاصل کی جائے۔وزیراعظم نے کہاکہ تاخیر اور کرپشن سے بچنے کے لیے ریلوے کے ذریعے بجلی گھروں کو ایندھن فراہم کیا جائے، اور بند پڑے تین بجلی گھروں کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ 11 مئی تک ایک ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائیگی اوررواں ماہ کے آخر تک سسٹم میں 35 سو میگا واٹ بجلی آ جائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.