8 مئی 2014
وقت اشاعت: 9:51
امریکی محکمہ خارجہ ایف بی آئی ایجنٹ کی رہائی کیلئے پرامید
جیو نیوز - واشنگٹن…امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گرفتار ایف بی آئی ایجنٹ کی رہائی کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق جوئیل کاکس کی رہائی میں ایک ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے بیگ میں نائن ایم ایم کی پندرہ گولیاں ملنے پر حراست میں لیا گیا ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس تاحال سلاخوں کے پیچھے ہے۔اپنے ایجنٹ کی گرفتاری پر آج امریکی دفترخارجہ کا بیان بھی آگیا۔ترجمان جین ساکی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایف بی آئی ایجنٹ امریکی مشن کے قانونی اتاشی کی معاونت کے لیے پاکستان ، ایک عارضی اسائنمنٹ پر گیا تھا۔ساکی کے مطابق اس تازہ مسئلے کے حل کیلئے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق32سالہ جوئیل کاکس کی رہائی رواں ہفتے کے اختتام تک ہونا مشکل ہے۔ پاکستانی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آئی ایجنٹ کو دوسرے قیدیوں سے الگ علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے جبکہ دفترخارجہ کے حکام کے مطابق جوئیل کاکس کا ہفتے کو عدالتی سماعت سے پہلے تک پولیس کی تحویل میں ہی رہنے کا امکان ہے۔ادھر کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی ایجنٹ کو سفارتی استثنا حاصل نہیں، اسی لیے مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم پستول کی گولیاں رکھنے کا کوئی معقول جواز پیش نہیں کرسکا۔ ملزم کے مطابق اس کے دوست نے پستول کی گولیاں رکھوائی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے برآمد کی گئی گولیاں، اس کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون فارنزک لیبارٹری بھجوادیے گئے ہیں گرفتار ایف بی آئی ایجنٹ، امریکی مشن کے لیگل اتاشی کی معاونت کے لیے آیا تھا۔