تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:18

ڈیفنس میں ایس پی کے بیٹے نے اپنے ہی دوست کو گھر میں گھس کر مارڈالا

جیو نیوز - کراچی…کراچی کے پوش ترین علاقے ڈیفنس میں ایک بار پھر طاقت کا مظاہرہ ایک نوجوان اور پولیس اہلکار کی جان نگل گیا۔ ایس پی کے بیٹے کے حکم پر پولیس اہل کار نے گولیاں چلائیں تو 19سال کا جیتا جاگتا لڑکالاشے میں بدل گیا۔ دوسری جانب دولت کا نشہ تھا ، جوابی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار قتل جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ شہر کا پوش ترین اور محفوظ سمجھاجانے والا علاقہ ڈیفنس، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فائرنگ کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ ایک جانب اختیارات کا زعم تھا تو دوسری جانب دولت کا گھمنڈ۔ پولیس بتاتی ہے کہ یہ لڑائی دو نوجوانوں نہیں بلکہ دو طاقت ور وں میں ہوئی، ایک جانب پولیس ٹریننگ کالج سکرنڈ کے پرنسپل ایس پی غلام سرورو ابڑو کا بیٹا سلمان ابڑو تھا جبکہ دوسری جانب سندھ کے بڑے جاگیرداروں میں سے ایک سردار غلام مصطفی لاشاری کا بیٹا سلیمان لاشاری۔ ڈیفنس فیز5کے خیابان شمشیر کی 30ویں اسٹریٹ پر واقع سلیمان کے گھر پر سلمان ابڑو اپنے محافظوں کے ہمراہ پہنچا اور پھر خونی تصادم شروع ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق سلمان ابڑو نے اپنے ہمراہ پولیس اہل کار کو سلیمان لاشاری پر گولی چلانے کا حکم دیا، ایس پی کے بیٹے کے حکم کی تعمیل ہوئی جس میں سلیمان لاشاری جاں بحق جبکہ اس کا نجی محافظ زخمی ہو گیا۔ جوابی فائرنگ میں سلمان ابڑو زخمی اور پولیس اہل کار ظہیر جاں بحق جبکہ ایک اور پولیس اہلکارعمران زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے کلفٹن کے نجی اسپتال میں چھاپہ مار کر زیر علاج زخمی سلمان ابڑو سمیت سکرنڈ پولیس سے وابستہ چار اہلکاروں کو گرفتار کر کے درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کرلیا۔ جیونیوز کے رابطے پر ایس ایس پی ساوٴتھ زون فیصل بشیر نے بتایا کہ واقعے کی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم ڈیفنس میں اس نوعیت کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل گزشتہ سال ایک خونی جھگڑے میں نجی سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے نوجوان طالب علم حمزہ جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ شاہ زیب قتل کیس بھی کچھ زیادہ پرانا نہیں۔ ہر بار ملزموں یا مجرموں کوذمہ دار ٹھہرایا جانا غلط نہیں لیکن اصل قصور وار تو طاقت، دولت اور برتری کی وہ سوچ ہے جو پڑھے لکھے نوجوانوں کو جنونی بنادیتی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.