تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 مئی 2014
وقت اشاعت: 12:26

حکومت کا سوئس بینکوں میں جمع غیر قانونی دولت واپس لانے پر غور

جیو نیوز - اسلام آباد…وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ حکومت سوئس بنکوں سے غیر قانونی اثاثہ جات واپس لانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے،نئے سوئس قانون کے تحت ناجائز جمع کردہ رقم سے متعلق معلومات کا تبادلہ ہو سکتا ہے۔وزیر خزانہ کی طرف سے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت سوئس قوانین، غیر قانونی اثاثے واپس لانے کے ایکٹ 2010 ،کی مدد لینے کے لیے سنجیدگی سے غور کر رہی ہے،یہ قانون سوئس حکومت کو اجازت دیتا ہے کہ وہ سوئس بنکنگ انڈسٹری میں جمع کردہ ناجائز رقوم کے بارے میں خفیہ معلومات کا تبادلہ کر سکتی ہے۔وزیرخزانہ کے مطابق پاکستان سوئٹزر لینڈ ٹیکس معاہدہ غیر تسلی بخش ہے اور پاکستانی پیسے تک رسائی کے لیے اس میں ترامیم ضروری ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دوبارہ غور کے لیے وفاقی کابینہ نے سمری کی منظوری دے دی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا افضال نے بتایا کہ پاک سوئس معاہدے میں ترمیم کی صورت میں سوئس بنکوں میں غیر قانونی رقوم جمع کرانے والوں کے نام اور اکاونٹس تک رسائی مل جائے گی۔سوئس بنکوں سے پیسے لینے کے سلسلے میں پاکستانی وفد 26 سے 28 اگست تک سوئٹزرلینڈ کا دورہ کرے گا۔سوئس بنکوں میں پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالر جبکہ مجموعی طور پر دنیا بھر کے سات ہزار ارب ڈالرغیرقانونی طور پر پڑے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.