تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 مئی 2014
وقت اشاعت: 20:13

فلسطینیوں کے حق واپسی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،فلسطین فاؤنڈیشن

جیو نیوز - کراچی…حکومت پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے حق واپسی کے لئے اقوام متحدہ میں قرار داد پیش کرے، فلسطینیوں کے حق واپسی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کے مرکزی ترجمان سید اظہر شاہ ہمدانی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، سابق امیر جماعت کراچی محمد حسین محنتی، عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے جنرل سیکرٹری شہزاد مظہر اور فلسطین فاؤنڈیشن کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی سمیت علامہ شوکت مغل، ناصر رضوان ایڈووکیٹ اور عبدالوحید یونس نے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر ”یوم نکبہ“ کی مناسبت سے جاری مہم ”یوم واپسی فلسطین ، منزل فلسطین“ کے تحت فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی اور غاصب اسرائیل سے نفرت کے اظہار کے لئے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ 66برس ہو چکے ہیں اور قبلہ اول بیت المقدس تاحال صیہونی غاصب اسرائیل کے شکنجے میں ہے، پوری دنیا میں ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد مظلوم فلسطینی بے گھر ہیں اور مہاجرین کی زندگی بسر کررہے ہیں لیکن افسوس ناک بات ہے کہ 1948ء میں موجود اقوام متحد ہ نے ایک طرف تو اسرائیل کے غاصبانہ تسلط پر آنکھیں بند کرلی تھیں اسی طرح آج کی اقوام متحد ہ بھی مظلوم فلسطینیوں کو ان کے وطن واپسی کا حق دلوانے میں بری طرح ناکام ہے، مظاہرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اور مسئلہ فلسطین کے حل کو فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق حمایت کرے۔اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ سمیت عالمی سامراجی قوتوں کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے اور پر امن منتشر ہو گئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.