10 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:32
حامد میر کی صحت یابی کے لیے ملک بھر میں دعائیہ تقریبات
جیو نیوز - حیدرآباد…ملک بھرمیں جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن اورنامور صحافی حامد میر کی صحت یابی کے لیے صحافی تنظیموں کی جانب سے دعائیہ تقریبات کاانعقادکیاگیا،صحافیوں نے حامد میر کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن اور نامور صحافی حامد میر کی صحت یابی کے لیے صحافی تنظیموں کی جانب سے حیدر آباد پریس کلب میں دعائیہ تقریب ہوئی جس میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ سکھرپریس کلب میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں فیڈرل یونین آف جرنلسٹس سمیت دیگر صحافتی تنظیموں نے حامد میر کی صحافتی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حامد میر بہادر اور جرات مند صحافی ہیں، انھوں نے عام آدمی سے لے کر صحافیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پربھی آواز بلند کی۔لاڑکانہ میں پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مختلف مساجد میں بھی حامد میرکی صحت یابی کیلیے دعائیں کی گئیں۔ گھوٹکی پریس کلب میں بھی حامد میر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔ پنجاب میں گوجرانوالہ پریس کلب میں حامد میر کی صحت یابی کے لیے ہونے والی دعائیہ تقریب میں ممبران یونین آف جرنلسٹس، رکن صوبائی اسمبلی کے علاوہ علمائے دین نے بھی شرکت کی۔ رحیم یار خان اوروہاڑی پریس کلبز میں بھی حامد میر کے لیے دعا کا اہتمام کیا گیا۔ ادھر پی ایف یو جے اور کونسل آف پریس کلب کی کال پر مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد آزادکشمیرمیں بھی حامد میر کی صحت یابی کے لیے دعائیہ تقریب ہوئی۔ سینئر صحافیوں کاکہناتھا کہ حامد میر نے جس طرح تحریک آزادی کشمیر اور آزاد کشمیر کے ایشوز پر کھل کر کشمیریوں کی آواز بلند کی اس پر نہ صرف کشمیری صحافی بلکہ پوری کشمیری قوم انھیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ میرپور آزاد کشمیر میں پی ایف یو جے کی کال پرکشمیرپریس کلب میں دعائیہ تقریب ہوئی جبکہ یونین آف جرنلٹس کی جانب سے یوم دعا منایا گیا۔