10 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:7
پیمرا کے پورے دانت ہی نہیں کہ اپنے ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد کرا سکے،پرویزرشید
جیو نیوز - اسلام آباد…وفاقی وزیرِ اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پیمرا کے پورے دانت ہی نہیں کہ وہ اپنے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرا سکے۔ جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ایسی باڈی بنانے کی ضرورت ہے جو عملدرآمد کرا سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور آزاد عدلیہ موجود ہے، کسی بھی ادارے پر سخت وقت نہیں آئے گا، کسی کوبھی اس پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ یہ بات انہوں نے جیونیوز کے نمائندے محمد عاصم نصیر سے لاہور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حصہ پیمرا نے وزارت قانون کو قانونی رائے کیلئے بجھوایا ہے، میری وزارت نے اس پر اپنا قانونی نقطہ نظر دینا ہے، میں اس پر آج تبصر ہ کروں گا تو نا مناسب بات ہوگی، پاکستان میں جمہوریت ہے، آئین ہے، قانون ہے اور اس کے اندر ہر ایک کو تحفظ حاصل ہے،انصاف حاصل کرنے کے لیے آپ کے پاس عدالتیں موجود ہیں، ادارے موجود ہیں تو کسی پر بھی سخت وقت نہیں ہو گا اور نہ آئے گا، قانون ہر ایک کو انصاف فراہم کرے گا، قانون، انصاف ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنے کا تحفظ فراہم کرتا ہے، جو لوگ بھی اپنا کردار قانون کے دائر ے میں رہ کر ادا کرتے ہیں آئین کے دائرے میں رہ کر ادا کرتے ہیں ان کے لیے کوئی رکاوٴٹ نہیں ہو گی، کسی کو اس پر کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ جو پیمرا کے پاس کوڈ آف کنڈیکٹ ہے اس پر عمل درآمد کرانے کے لیے پیمرا کے پاس پورے دانت ہی نہیں ہیں کہ وہ اپنے کوڈ آف کنڈیکٹ پر عمل کرا سکے اور اس کے فیصلوں کو لوگ تسلیم کریں پیمرا فیصلہ کرتا ہے، ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ سے فوراً اسٹے مل جاتا ہے اور پھر طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود وہ اسٹے ختم نہیں ہوتا، اس لیے ہم ایک عمل درآمد کی باڈی بنانا چاہتے ہیں۔سارے اسٹیک ہولڈرز کے مشوروں سے ایسی عمل درآمد کی باڈی بنائی جائے جو پیمرا لاز پر عمل کرے، جب بھی کسی کو شکایت ہو تو سب اس کو تسلیم کریں، کوئی اس کو عدالت میں لے کر جائے تو بھی اس کو تبدیل کرانا آسان نہ ہو وہ میرے اور آپ کے نامزد نہ ہوں، سب ان کے فیصلوں کا احترام کریں اور سب ان کے فیصلوں کو مانتے ہوں۔