تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 مئی 2014
وقت اشاعت: 22:41

پاسپورٹ، ویزہ، ٹکٹ، باہر جانے کیلئے اب چاہئے ہوگا پولیو سرٹیفکیٹ

جیو نیوز - اسلام آباد…حکومت نے یکم جون 2014 سے بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لئے پولیو سرٹیفکیٹ کاحصول لازمی قراردیدیاہے۔پولیو ویکسین ہر عمر کے افراد کیلئے ضروری ہو گی، حاملہ خواتین کو بھی پولیو کے قطرے پیناہوں گے۔ اگر آپ پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے کے خواہش مند ہیں تو جان لیں کہ یکم جون کے بعد آپ کے پاس سرٹیفیکیٹ ہوناضروری ہے جویہ تصدیق کرے کہ آپ نے پولیو سے بچاؤکے قطرے پی رکھے ہیں۔ اس پولیو سرٹیفکیٹ کے بغیرآپ کوبیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہیں ملے گی ۔ وزارت ہیلتھ ریگولیشن کے مطابق پولیو ویکسین بیرون ملک سفرکرنے والے تمام عمر کے افراد کیلئے ضروری قراردی گئی ہے، حاملہ ماؤں کو بھی پولیو کے قطرے پینا ہوں گے اور اس سے ان کی صحت پر کوئی مضراثرات نہیں ہوں گے۔ وفاقی حکومت بیرون ملک سفرکیلئے پولیو کا بین الاقوامی ہیلتھ سرٹیفکیٹ صوبوں کوجاری کریگی جو بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کوفراہم کیاجائیگا، وہ اس کی تصدیق مستند افسروں سے کرائیں گے۔ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر بھی پولیو کے خصوصی کاؤنٹرز بنائے جائیں گے۔ اس سرٹیفکیٹ کوکیوں ضروری قراردیاگیا ؟؟ اس سوال کاجواب یہ ہے کہ پاکستان عالمی ادارہ صحت کی بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی کارکن ہے اوراس کمیٹی نے پانچ مئی کوقراردیاکہ پاکستان عالمی سطح پرپولیوکے پھیلاؤکاباعث بن رہا ہے، اس لیے اس پرمشروط سفری پابندیاں عائد کی جائیں تاکہ پاکستان سے پولیو وائرس کی دیگرممالک کومنتقلی روکی جاسکے۔ اس پابندی کااطلاق پاکستان کے علاوہ شام اور کیمرون پر بھی کیاگیا۔ وزارت ہیلتھ ریگولیشن کے مطابق پاکستان نے کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ روزانہ 27 ہزار مسافر پاکستان سے بیرون ملک سفر کرتے ہیں،ان کیلئے80 کروڑ روپے مالیت کی اضافی ویکسین درکارہوگی، اس سلسلے میں عالمی اداروں سے مددمانگی جائیگی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.