14 مئی 2014
وقت اشاعت: 10:41
کراچی امن وامان اجلاس ،وزیراعظم کی انٹیلی جنس شیئرنگ بہتر بنانے کی ہدایت
جیو نیوز - کراچی … کراچی میں امن وامان سے متعلق اہم اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردوں اورجرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی معاشی شہ رگ ہے، یہاں امن کے لیے کسی اقدام سے دریغ نہیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف نے متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ غیرقانونی سموں کی بندش پرعمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟بیرون ملک مقیم سنگین مجرموں کے ریڈ وارنٹ جاری کیوں نہیں ہوسکے؟ اور انسداد دہشت گردی کی عدالتیں ملیرکے محفوظ علاقے میں کیوں منتقل نہ کی جاسکیں ؟۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی معاشی شہ رگ ہے اس کے امن کیلئے کسی اقدام سے دریغ نہیں کریں گے،شہرمیں قیام امن کے لیے وفاق اور سندھ حکومت مکمل سنجیدہ ہے۔ اجلاس میںآ رمی چیف جنرل راحیل شریف،وزیرداخلہ چودھری نثار، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ، سابق صد ر آصف علی زرداری ،وزیراعلیٰ قائم علی شاہ ،گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختربھی شریک ہیں۔اجلاس میں ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی اور اے این پی کے سینیٹر شاہی سید بھی شریک ہیں۔