15 مئی 2014
وقت اشاعت: 2:4
ساہیوال: پسند کی شادی کرنے والی گولیوں اور کلہاڑیوں کے وار سے قتل
جیو نیوز - ساہیوال… ساہیوال میں پسند کی شادی کرنے والی فرزانہ کو گھر والوں نے کلہاڑیاں اور گولیاں مار کر قتل کردیا۔ کچھ عرصہ قبل ساہیوال میں فرزانہ اور شبیرنامی شخص نے پسند کی شادی کی تھی، لڑکی کے گھروالے شادی کے مخالف تھے، میاں بیوی چھپتے پھر رہے تھے، پیچھا کیے جانے پر پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے چلتی ہوئی ٹرین سے چھلانگ تک لگادی تھی۔ خاندانی دشمنی بڑھنے پر پنچایت نے میاں بیوی میں طلاق کروادی تھی حالانکہ لڑکی طلاق کی مخالف تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔پنچایت کے سرداروں نے زبردستی لڑکی اور لڑکے سے طلاق نامے پر انگوٹھے لگوالیے تھے۔ فرزانہ نے اپنی جان کو خطرات لاحق ہونے کے پیش نظرعدالت میں درخواست دی تھی جس پر اسے دارالامان بھیج دیا گیا تھا، جہاں صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل طاہرسندھو نے لڑکی سے ملاقات کے دوران اسے انصاف دلانے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔ایس ایچ او محمد یوسف کے مطابق فرزانہ کے گھر والے اسے تحفظ کا جھانسہ دے کر گھر لائے اور قتل کردیا۔ تین رشتے داروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ایس ایچ او کے مطابق مقتولہ فرزانہ کا شوہر شبیر بھی جان کے خوف کے باعث روپوش ہے۔