16 مئی 2014
وقت اشاعت: 3:6
مجھے شناختی کارڈ جاری نہ کرنا سیاسی انتقامی کارروائی ہے، الطاف حسین
جیو نیوز - لندن… متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قومی شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وفاقی وزارت داخلہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے آج کراچی میں نادرا کے مرکزی دفتر کے باہر مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بحیثیت پاکستانی قومی شناختی کارڈ اورپاسپورٹ بنانا ان کا حق ہے لیکن ایک ماہ سے زیادہ ہوگیا کبھی فنگر پرنٹس کابہانہ بنایاجاتاہے توکبھی تصویرکا۔وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار کی طرف سے طرح طرح کے جھوٹ بولے جارہے ہیں جوانتہائی افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر تصویر خراب تھی تو پہلے کیوں آگاہ نہیں کیا گیا۔دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ چودھری نثار نے الطاف حسین کے شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے کواپنی اناکامسئلہ بنالیاہے اوروہ اس کی راہ میں طرح طرح کی رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے صدرممنون حسین اوروزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیاکہ الطاف حسین کوشناختی کارڈجاری نہ کیے جانے کانوٹس لیاجائے اورانھیں فی الفورشناختی کارڈ کا اجراکیا جائے۔ وزیر صنعت و تجارت سندھ روٴف صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم نواز شریف وزیرِ داخلہ چودھری نثار کو سبکدوش کریں اوربارہ گھنٹے کے اندر ان کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کریں۔الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے کے خلاف ایم کیو ایم نے آج کراچی میں شاہراہ فیصل پر نادرا آفس کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔