تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
16 مئی 2014
وقت اشاعت: 22:48

شیعہ قوم اپنا مقدمہ خدا پر چھوڑتی ہے، پارٹی نہیں بننا چاہتے،قمر زیدی

جیو نیوز - اسلام آباد… تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا ہے کہ نازیبا حرکت پر جیوٹی وی کو مکتب تشیع کی نمائندہ تنظیم تحریک نفا ذفقہ جعفریہ، شیعہ قوم اور پورے عالم اسلام سے معافی مانگنی چاہیے ۔تاہم انہوں نے کہا کہ سردار انبیاء حضور اکرم نے فتح مکہ کے بعد اذیت پہنچانے اور توہین رسالت کا ارتکاب کرنے والوں کو یہ کہہ کر معاف کردیا تھا کہ تم آزاد ہو جا سکتے ہوئے ،کسی نے نعرہ لگایا کہ آج ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا دن ہے تو حضور نے فرمایا کہ نہیں آج رحم کرنے کا دن ہے سرکار نے حضرت حمزہ کے قاتل کو بھی معاف فرمایا صرف اتنا کہا کہ یہ میرے سامنے نہ آئے ۔امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب  نے اپنے قاتل کو شربت پلایا ،حضرت امام زین العابدین  نے ہمشکل پیغمبر حضرت شہزادہ علی اکبر  کے قاتل کو کھانا کھلایا اور فرمایا کہ ہم نے اپنا معاملہ آخرت میں خدا پر چھوڑ دیا ہے ۔سید قمر زیدی نے کہا کہ شیعہ قوم بھی اپنا مقدمہ خدا پر چھوڑتی ہے اور اس مسئلے میں پارٹی نہیں بننا چاہتی۔انہوں نے کہا کہ معذرت سخی لوگوں کے نزدیک قبول ہوتی ہے ،انھوں نے کہا کہ جیو پر پیش کیے جانے والے توہین آمیز پروگرام کو بار بار دکھانے والے اسلام کی کونسی خدمت کر رہے ہیں ،ان کے اس رویے سے پیشہ وارانہ رقابت کی بو آتی ہے ان کی یہ پالیسی حب اہلبیت  نہیں بلکہ بغض جیو ہے ، جیو ،جنگ گروپ کے بارے میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے تحفظات مالکان کے علم میں پہلے سے ہیں لیکن ہم نے ہمیشہ پر امن پالیسی کو مقدم رکھا ہے لیکن اس کا مطلب اپنے حق سے دستبردار ہو نا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ زرد صحافت کے خاتمے اور صحت مند صحافت کے فروغ کیلئے پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے تمام چینلز کو کالعدم تنظیموں کو کوریج دینے کی بجائے مسلمہ مکاتب کی نمائندہ تنظیموں سے رابطہ کرنا چاہیے ،بصورت دیگر سب کو تقدیر کے قاضی کے ازلی فتوے کے تحت مرگ مفاجات کیلئے تیار رہنا ہو گا ۔



متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.