تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 مئی 2014
وقت اشاعت: 20:28

قوالی نشر کیے جانے کا طریقہ کار نامناسب اور ناقابل قبول تھا، جیو

جیو نیوز - کراچی…جیو نیٹ ورک نے وضاحت کی ہے کہ بدھ کو جیو اینٹرٹینمنٹ کے مارننگ شو اٹھو جاگو پاکستان میں ایک قوالی کے نشر کیے جانے کا طریقہ کار نامناسب اور ناقابل قبول تھا جس پر پروگرام کی میزبان اور ادارے نے معافی مانگی ہے۔ تاہم جو غلطی نادانستگی میں کی گئی اسی کو بعض چینلز جان بوجھ کر دہرا رہے ہیں اور اہل ایمان کے جذبات کو اور بھی زیادہ مجروح کر رہے ہیں۔ جیو نیٹ ورک نے کہا ہے کہ اسی قوالی کو اسی نامناسب انداز میں اے آر وائی پر چارمختلف مواقع پر نشر کیا جا چکا ہے جس کے ثبوت انٹرنیٹ پر موجود ہیں، مگر اس ٹی وی چینل نے معافی نہیں مانگی۔جیو نیٹ ورک کے مطابق بدھ کو جیو انٹرٹینمنٹ کے مارننگ شو اٹھو جاگو پاکستان میں ایک نئے شادی شدہ جوڑے کے استقبال کے دوران ایک قوالی نشر کی گئی۔ اس قوالی کا انتخاب اور اسے نشر کرنے کا طریقہ کار نہایت نامناسب اور ناقابل قبول تھا جس سے ہمارے ناظرین کے احساسات مجروح ہوئے۔ ڈاکٹر شائستہ واحدی نے بذات خود ٹی وی پر آ کر اپنے ناظرین اور اللہ سے معافی مانگی اور اس معافی کو دن بھر نشر کیا جاتا رہا۔ معروف اینکر اور جیو نیٹ ورک کے نائب صدر ڈاکٹر عامر لیاقت نے بھی جیو نیٹ ورک کی طرف سے معافی مانگی ہے۔ یہ معافی بھی دن بھر جیو نیوز پر نشر کی جاتی رہی۔ جیو نیٹ ورک انتظامیہ نے مذکورہ پروگرام کی رپیٹ ٹیلی کاسٹ کو اسی روز روک دیا تھا اور پروگرام کے مواد اور پروڈکشن کی ذمہ دار سینئر ٹیم کو بھی غیر معینہ مدت تک کے لیے معطل کر دیا گیا ہے اور ادارہ جاتی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ جن افراد کی معطلی عمل میں لائی گئی ہے ان کے نام سیکیورٹی وجوہات سے سامنے نہیں لا جا رہے۔ دیگر علماء کے ساتھ ساتھ علامہ رضی جعفر، مولانا کوکب نورانی اور مفتی محمد نعیم نے بھی جیو نیوز پر اپنے تاثرات پیش کیے اور پاکستان بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے پر مذکورہ مارننگ شو کی مذمت کی۔ تاہم انھوں نے اس بات کی بھی نشان دہی کی کہ ایسے حساس معاملات میں اگر متعلقہ افراد سب کے سامنے معافی مانگ لیں اور اللہ سے بھی معافی طلب کر لیں تو پھر کسی مزید اقدام کی ضرورت نہیں۔ ایسے ہی جذبات کا اظہار علامہ ناصر عباس اور علامہ شبیر میثمی نے بھی کیا۔ ڈاکٹر عامر نے نشان دہی کی کہ مبشر لقمان کے اے آر وائی چینل نے خود بھی یہی قوالی اسی انداز میں نشر کی تھی اور انٹرنیٹ پر تین مختلف مواقع پر اس کا ثبوت موجود ہے۔ ڈاکٹر عامر نے ان لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بھی معافی مانگیں اور جیو سے سیکھتے ہوئے ایسی غلطی پھر سے نہ دہرائیں۔ ڈاکٹر عامر نے دیگر چینلز سے درخواست کی کہ وہ اس وڈیو کو باربار نشر نہ کریں کیوں کہ ان کے اس عمل سے بغض کی بو آتی ہے اور اس سے اہل ایمان کے جذبات اس لیے اور بھی زیادہ مجروح ہو رہے ہیں کیونکہ ان چینلز پر یہ غلطی نادانستہ طور پر نہیں بلکہ جان بوجھ کر کی جا رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ چینلز جیو کی اس معافی کو بھی نشر کرنے میں ناکام رہے ہیں جو جیو پر نشر کی جا چکی ہے۔ کچھ لوگ مسلسل اس متنازعہ وڈیو کو نشر کر کے لوگوں کو اکسا رہے ہیں کہ وہ مذکورہ پروگرام کی میزبان اور چینل کے خلاف اشتعال میں آ جائیں۔ ان کا یہ عمل اسلامی نہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.