18 مئی 2014
وقت اشاعت: 23:59
امریکی سرمایے پرپلنے والی دہشت گرد نرسریاں امن کیلئے خطرہ ہیں ، حامد موسوی
جیو نیوز - اسلام آباد… تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر اتوار کو شام میں پاکیزہ صحابہ کبار کے مزارات کی بے حرمتی کے خلاف ”یوم عظمت شعائر اللہ “منایا گیا ۔اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔جن میں شام استعماری قوتوں کے بھیجے گئے دہشت گردوں کے ہاتھوں اسلام کی مقدس ہستیوں کے مزارات کی بے حرمتی و تاراجی کی مذمت کی گئی اور بانی پاکستان حضرت قائد اعظم و مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کے مقابر کو درپیش خطرات پر اظہار تشویش کیا گیا۔اس موقع پر ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حامدعلی شاہ موسوی نے کہا کہ مشاہیر اسلام کے مزارات امت مسلمہ کی عظمت کے آثار اور ازروئے قرآن شعائر اللہ یعنی اللہ کی نشانیاں ہیں جن کی حفاظت ہر باغیرت مسلمان کا فرض ہے ، دہشت گرد استعماری قوتوں کے ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں پہلے جو کام یہودوہنود کررہے تھے اب وہ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے کروا کر مسلمانوں میں انتشار کے بیج بور ہے ہیں ،علامہ موسوی نے کہا کہ امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کے سرمایے پر پھلنے پھولنے والی دہشت گرد نرسریاں عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں دنیا بھر کی انسانیت دوست قوتیں استعماری ایجنڈے کے خلاف متحد ہو جائیں۔اس موقع پر علامہ قمر حیدر زیدی ، شجاعت علی بخاری ،میثم تمار جعفری ،علامہ گفتار صادقی ،علامہ فخر عابدی،چوہدری مشتاق حسین ،بوعلی مہدی نے بھی خطاب کیا۔