19 مئی 2014
وقت اشاعت: 19:9
انتخابات میں ایک سے زائد ووٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
جیو نیوز - اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے انتخابات میں ایک سے زائد ووٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ جن لوگوں کے ایک سے زائد ووٹ ڈالنا ثابت ہو گیا، ان کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات میں ایک سے زائد ووٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے نادرا کی جانب سے تصدیق کیے گئے حلقوں کا ریکارڈ منگوا لیا ہے۔ ایڈیشنل سیکریٹری شیر افگن نے کہا ہے کہ جن لوگوں کے ایک سے زائد ووٹ ڈالنا ثابت ہو گیا، ان کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے 11نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کی منظوری بھی دے دی ہے، جس کے بعد سیاسی جماعتوں کی تعداد 281 ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی پر پابندی عائد کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 151 ملتان سے ایک آزاد امیدوار نے جماعت اسلامی پرپابندی عائد کرنے کی درخواست دی تھی۔ درخواست گزار نے موٴقف اختیارکیا تھا کہ جماعت اسلامی اسلام کے نام پر چندہ اکٹھا کرتی اورانتخابات میں خرچ کرتی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہناہے کہ اسے کوئی ثبوت نہیں دیاگیا، پابندی عائد کرنا بھی اس کی ذمے داری نہیں۔