19 مئی 2014
وقت اشاعت: 20:49
صحافیوں ،کارکنان کے جان ،مال، روزگار پر قدغن برداشت نہیں،کے یوجے
جیو نیوز - کراچی…کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافیوں کے اجلاس میں قرارد اد میں کہا ہے کہ چینل یا اخباری ادارے کے صحافیوں اور کارکنان کے جان و مال، روزگار پر قدغن برداشت نہیں کی جائے گی۔کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیرِاہتمام سینئر صحافیوں کا اجلاس ہوا جس میں میڈیا اور اداروں کے درمیان چپقلش سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر تبادلہ خیال اور صحافیوں کو درپیش سنگین مسائل پر تفصیلی غورکیا گیا ۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ موجودہ صورتِ حال سوچی سمجھی سازش ہے، صحافیوں اور تنظیموں میں نفاق پیدا کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں قراردادپیش کی گئی کہ پی ایف یو جے اور کے یو جے چینل یا ادارے کیلئے فریق نہیں بنے گی، تمام اداروں میں کام کرنے والے ملازمین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔کے یوجے کی قرارداد کے متن کے مطابقملازمین کے مالی و جانی تحفظ کیلئے ہر طرح کے اقدامات اور جدوجہد کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، مارننگ شو میں چند افراد کی کوتاہی پر متعلقہ ادارے کے تمام ملازمین کو ذمے دار قرار دیا گیا، متعلقہ ادارے کے تمام ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک رکھا جا رہا ہے۔کے یو جے نے کیبل آپریٹرز سے مطالبہ کیا کہ بند کیے گئے چینلز کی نشریات فوری بحال کریں، ان کے اس اقدام سے ہزاروں کارکنان کے روزگار کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔