19 مئی 2014
وقت اشاعت: 23:39
میڈیا گروپوں کی چپقلش سے کالعدم تنظیمیں فائدہ اٹھا رہی ہیں،حامد موسوی
جیو نیوز - اسلام آباد… تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ تمام تر قدرتی وسائل سے مالامال مسلمانان عالم سائنس و ٹیکنالوجی میں پسماندگی کے سبب استعماری قوتوں کے دست نگر بنے ہوئے ہیں سرخروئی کیلئے فروغ علم کو اولین ترجیح قرار دیاجائے ،امام جعفر صادق نے جو علمی و سائنسی انقلاب برپا کیا اس کے فیوض سے آج بھی دنیا فیضیاب ہو رہی ہے ،22مئی کو یوم صادق آل محمد منا کردہشت گردی اور فتنہ و فساد کی تاریکیوں کو علم و آگہی کے نور سے روشن کرنے کے عزم کی تجدید کی جائے اور امام جعفر صادق کی عظیم خدمات کو سپاس عقیدت پیش کیاجائے ۔میڈیا گروپوں کی چپقلش اور اداروں کے ٹکراوٴ سے کالعدم تنظیمیں فائدہ اٹھا رہی ہیں،معمولی مفادات کیلئے ایسی آگ نہ لگائی جائے جس سے پورا آشیانہ جلنے لگے،ہمسایہ ملک میں پاکستان کے بدترین دشمنوں کی کامیابی اور انکے پاکستان و کشمیریوں کیلئے عزائم خطرے کی گھنٹی ہیں افواج پاکستان کی پشت مضبوط کرنا وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے شعب ابی طالب میں درس قرآن کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ ہردور میں مسلمانوں کو اندرونی انتشار سے دوچا ر کرکے ہی کمزور کیا گیا آج پاکستان بھی ایسی ہی صورتحال سے گزر رہا ہے ایسے وقت میں جو محب وطن حلقوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،تمام جماعتیں ،ادارے ،حکمران سیاستدان جب تک قومی مفادات کو ترجیح نہیں دیں گے اس صورتحال سے نکلنا محال ہے ۔