20 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:9
ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا جائے گا،مجلس وحدت
جیو نیوز - کراچی…مجلس و حدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر 23مئی کوکراچی میں جاری شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور شیعہ نسل کشی کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا ۔ مجلس و حدت مسلمین کراچی پولیٹیکل کونسل کے رکن شوکت شیرازی سمیت دیگر افراد کا قتل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نا اہلی ہے ، وزیر اعلی اوراعلیٰ حکام دہشتگردی روکنے میں ناکام ہو گئے منصب سے ہٹایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس و حدت مسلمین کے رہنماء علی حسین نقوی ،علامہ مبشر حسن ،علامہ علی انور،علامہ حسن اسدی ،مولانا محمد حسین کریمی ،ناصر حسینی،حیدر زیدی ،آصف صفوی سمیت دیگر نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے والے شوکت شیرازی کے نماز جنازہ کے بعد نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کیا احتجاجی دھرنے میں خواتین ،بچوں سمیت ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اور کراچی سمیت پورے ملک میں نواز اور پیپلزپارٹی حکومت کی بدولت دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں،بالخصوص کراچی میں کالعدم جماعتوں کا راج بڑھتا جا رہا ہے شیعوں شہریوں کوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہاہے، اگرسندھ حکومت ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر تی تو ہمارے پاس غیر اعلانیہ مدت تک ایوانوں کے گھیراؤکا آپشن بھی موجود ہے ۔