21 مئی 2014
وقت اشاعت: 14:30
جیو کا معاملہ ،وزارت قانون نے رائے وزارت اطلاعات کو بھجوا دی،پرویز رشید
جیو نیوز - اسلام آباد…وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزارت قانون نے جیو کے معاملے پر اپنی رائے وزارت اطلاعات کو بھجوا دی، پیمرا قوانین پر عملدرآمد کیلئے میڈیا کمیشن بنانا چاہتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ وہ حکم نامے جاری نہیں کرتے، قانونی رائے لینے میں وقت لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی وزیرکو اختیار نہیں کہ دوسرے اداروں کوہدایات دے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پیمرا کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے کمیشن بنارہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایسا کمیشن بنے جس پر سب متفق ہوں۔پرویز رشید نے کہا کہ وہ اے پی این ایس سے ملے اور تمام نجی ٹی وی چینلز کے مالکان سے بھی بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کفر کے فتوے سب سے زیادہ میرے خلاف لگے ، وہ شائستہ لودھی کی معافی کو بہت اہمیت دیتے ہیں،ہمیں بھی اپنی غلطی تسلیم کر لینی چاہئے، مہذب معاشرے میں معافی مانگنا ایک عہد ہوتا ہے کہ ائندہ ایسا نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جیو کا معاملہ حل کرنے کا اختیار پیمرا کو ہے ،پیمرا اتھارٹی نے اپنا نکتہ نظر دے دیا، ہم پیمرا کے معاملے پر مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم فوج کا احترام کرتے ہیں، اسے تقسیم نہیں کرنا چاہیے۔