23 مئی 2014
وقت اشاعت: 12:40
جیو کی بندش کیخلاف کراچی میں پیمرا دفتر تک ریلی
جیو نیوز - کراچی …جیو کی جبری بندش کے خلاف جنگ جیوکے کارکنوں اور صحافیوں نے کراچی میں شون سرکل کلفٹن سے پیمرا کے دفتر تک ریلی نکالی اور جنگ گروپ کے نمائندہ وفد نے ریجنل جنرل منیجر پیمراسندھ سید سکندرعلی شاہ کو قرداد پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک کے سب سے بڑے چینل پر پابندی قابل مذمت ہے۔جیوکی جبری بندش کے خلاف نکالی گئی ریلی کے شرکاء شون سرکل کلفٹن سے مارچ کرتے ہوئے پیمرا کے دفتر پہنچے۔ریلی میں جنگ،جیو نیوز،جیو ٹی وی،جیو تیز،جیو سوپر،جیو کہانی،روزنامہ عوام،دی نیوز،اخبار جہاں،میگ،فائر رکارڈز اوراے این بی پروڈکشنزکے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔کراچی پرس کلب،صحافتی تنظیموں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، کراچی یونین آف جرنلسٹس،کے یوجے دستورکے عہدے داروں، جنگ پبلیکیشنزایمپلائز یونین کے صدر شکیل یامین کانگا، جنرل سیکریٹری جمیل احمد، صدرجاوید پریس ایمپلائزیونین کراچی شیخ محمد اقبال جنرل سیکریٹری رانا محمد یوسف، صدردی نیوزایمپلائزیونین کے صدرمحمد شکیل خان اورجنرل سیکریٹری دارالظفر اورصحافیوں اور سول سوسائٹی نے اظہار یکجہتی کے لیے بڑی تعداد میں شرکت کی اور آزادی صحافت او جیو کے حق میں نعرے لگائے۔ پیمرا کے دفتر کے سامنے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر شاہین قریشی کا کہنا تھا کہ کیبل آپریٹرکہتا ہے کہ مجھے پیچھے سے حکم ہے کہ جیو کو بند کردو، یہ پیچھے بیٹھنے والے خفیہ ہاتھ وہ ہی ہیں جنہوں نے حامد میرکونشانہ بنایا۔جنگ اخبار کے ایڈیٹرنذیرلغاری نے کہاکہ کسی صحافی کو بے روزگارکیا گیا تو یہ ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔جنرل سیکریٹری پی ایف یو جے امین یوسف نے کہا کہ کسی چینل اور اخبار کی بندش قبول نہیں پی ایف یوجے جیو کے ساتھ ہے۔صدر پی ایف یوجے دستور ادریس بختیار نے کہا کہ جیو پر پابندی آزاد صحافت پر حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجاسکتا۔جنرل سیکریٹری پی ایف یوجے خورشید عباسی نے کہاکہ دوروزکے اندرجیوکی تمام نشریات بحال کی جائیں،کیبل آپریٹرز کسی کے آلہ کارنہ بنیں۔صدر کراچی پریس کلب امتیاز فاران اور جنرل سیکریٹری کراچی پریس کلب عامر لطیف نے کہا کہ جیو کی بندش کسی صورت قبول نہیں کی جائیگی۔ صدر کے یو جے جی ایم جمالی کا کہنا تھا کہ صحافی اور میڈیا کارکن متحد ہیں،کسی چینل یا اخبار کو بند ہونے نہیں دیا جائے گا۔ صدر کراچی یونین آف جرنلسٹ دستور ساجد عزیز اور جنرل سیکریٹری رضوان بھٹی کا کہنا تھا کہ اگرآج جیو بند ہوا تو پھر کوئی چینل باقی نہیں رہے گا۔جیو کراچی کے بیورو چیف فیصل عزیز نے کہا کہ آج صحافیوں پر غداری کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، آزادی اظہار رائے پر پابندی برداشت نہیں کی جائیگی۔جیو کی بندش کیخلاف پیمراکے دفتر میں جنگ گروپ کے نمائندہ وفد میں شامل شاہین قریشی، فیصل عزیز خان اور نذیر لغاری نے ریجنل جنرل منیجر پیمرا سندھ سید سکندرعلی شاہ کو قرداد پیش کی۔ قرارداد میں جیو نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا نامکمل ہے، غیر قانونی اجلاس میں جیو پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔ ملک کے سب سے بڑے چینل پر پابندی قابل مذمت ہے۔ جنگ جیو کی بندش سے ہزاروں صحافیوں کا مستقبل خطرے میں ہے۔ جیو کے مارننگ شو میں قابل اعتراض مواد پر جیو معذرت کرچکا ہے۔ ریلی میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان، عورت فاؤنڈیشن، شرکت گاہ، پاکستان ٹریڈ یونین، جوائنٹ ایکشن کمیٹی، پائلر اور این ایس ایف سمیت سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اورجیوکی بندش کیخلاف احتجاج رکارڈکروایا۔