25 مئی 2014
وقت اشاعت: 1:50
”سوئے لامکاں وہ چلے نبی“کی نشریات ناظرین کو دیکھنے دیں،عامر لیاقت
جیو نیوز - کراچی…معروف مذہبی اسکالر اور جیو ٹی وی نیٹ ورک کے نائب صدر عامر لیاقت حسین نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا واسطہ دے کر کیبل آپریٹرزسے اپیل کی ہے کہ وہ شب معراج پر جیو پر نشر ہونے والے بابرکت اجتماع ”سوئے لامکاں وہ چلے نبی “ کی نشریات ناظرین کو دیکھنے کا موقع دیں، اللہ تعالیٰ انہیں اس کا اجر عطا فرمائے گا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کیبل آپریٹروں سے گزارش کی کہ مقدس ایام میں روح پرور اجتماعات کی بنیاد انہوں نے ڈالی تھی، جو دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی گئیں اوران بابرکت راتوں میں پیش ہونے والی نشریات کے دوران لاکھوں افراد نے ندامت کے اشک بہا کر رب کو منایا اور نجانے کتنے ہی لوگوں کی زندگیوں میں روحانی انقلاب برپا کیا ہے ۔ انہوں نے کیبل آپریٹروں سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ پیر اور منگل کی درمیانی شب جیو نیوز ،جیوتیز ،جیو سوپر اور جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والی شب معراج کی بابرکت نشریات سے لوگوں کو محروم نہ کریں اور ناظرین کو خصوصی اجتماعی دعا میں شریک ہو کر اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرنے کا موقع فراہم کریں۔