27 مئی 2014
وقت اشاعت: 22:31
نواز مودی ملاقات ،بھارتی الزامات کے جواب سامنے آنا چاہئیں،شجاعت
جیو نیوز - لاہور…مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نوازشریف اور بھارتی وزیر اعظم کی ملاقات بغیر ایجنڈا تھی ،ملاقات کے بعد نوازشریف کو اکیلے پریس کانفرنس نہیں کرنی چاہیے تھی، لاہور سے جاری بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ قوم کو پتہ ہونا چاہیے کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستانی سرزمین کا استعمال روکنے اورممبئی حملوں کے ملزمان کے خلاف کارروائی کے مطالبے کا کیا جواب دیا گیا ،سیکرٹری خارجہ کشمیر، آبی مسائل اور دہشت گردی میں بھارتی ہاتھ ملوث ہونے پر گفتگو سے بھی عوام کو آگاہ کریں، انہوں نے کہا بھارتی خارجہ سیکرٹری کی بریفنگ اور پاکستانی حکام کی خاموشی سے ظاہرہوتا ہے کہ بھارت پوائنٹ اسکورنگ میں بازی لے گیا،چودھری شجاعت نے کہا کہ ملاقات کے دوران پاکستان کے خلاف الزام تراشی بے موقع تھی۔