29 مئی 2014
وقت اشاعت: 1:1
یکم جون کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کرینگے،علامہ بہشتی
جیو نیوز - کراچی… یکم جون کووزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب لبیک یاحسین مارچ کرکے خانوادہ شہداء سے عہد وفا نبھائیں گے، شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف حکومت سندھ کی مبینہ خاموشی کوتوڑنے کے لئے وزیر اعلی ہاوٴس کا گھیراوٴ کیا جائیگا،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس و حدت مسلمین کراچی کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی اور علامہ مبشر حسن نے ایم ڈبلیو ایم کراچی کی ڈویثرنل شوریٰ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں حسن ہاشمی،میثم عابدی، علامہ علی انور ،علی حسین نقوی ،انجینئر رضا نقوی ،مدثر حسین،ذیشان حیدر،آصف صفوی ،ناصر حسینی سمیت مجلس و حدت مسلمین کراچی کے اضلاع کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پرعلامہ اعجااز حسین بہشتی کا کہنا تھا کہ یکم جون کالعدم جماعتوں کے تکفیری دہشت گردوں اور سیاسی طالبان کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، ملت جعفریہ اپنے شہداء کے پاک لہو سے اپنی وفا کے اظہار کرنے کیلئے وزیراعلیٰ ہاوٴس کے گھیراوٴ میں بھرپور شرکت کرے گی۔ اگر یہ حکمراں عوام کی جان مال عزت کی حفاظت نہیں کرسکتے تو وہ عوام کو روٹی کپڑ ا اور مکان کیسے دیں گے، ان حکمرانوں کو اب عوامی اسمبلیوں میں نہیں بلکہ اپنے گھروں میں جانا ہوگا۔