تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
31 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:12

پیمرا کیبل پر جیو ٹی وی کی نشریات بحال نہیں کراسکا

جیو نیوز - اسلام آباد…پیمرا، کیبل پر جیو ٹی وی نشریات بحال نہیں کراسکا۔ عدالتِ عظمیٰ کے احکامات نظر انداز کر دیے، کیبل آپریٹرز سے جیو کے چینل کھلوائے نہ جا سکے۔جیو کی جانب سے کیبل آپریٹرز کو کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی، ریاست اور اداروں کی تضحیک کے مترادف ہے۔پیمرا کی جانب سے سپریم کورٹ کی مسلسل حکم عدولی جاری ہے،پیمرا جیوکی نشریات کھلوانے کیلئے کچھ نہیں کررہا۔ جیو کی ناظرین سے دوری اب بھی برقرار ہے۔ 26فروری کو سپریم کورٹ کے حکم کے بعد پیمرا نے عدالت کو یقین دہانی تو کرائی کہ کیبل آپریٹرز کو جیو نشریات کی غیر قانونی بندش سے روکا جائے گا۔ مگر ایسا لگتا ہے کہ پیمرا اس حکم کو تکیے کے نیچے دبا کر گہری نیند سوگیا ہے کیونکہ عدالتی حکم کے باجود کوئی پیمرا کی طرف سے کوئی کوشش نظر نہیں آتی۔ عدالت کے اسی حکم سے آگاہ کرنے کیلئے جیو نے ملک بھر کے کیبل آپریٹرز کو خط لکھا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی نہ کریں۔ جیو نے کیبل آپریٹرز کو یاددہانی کرائی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود چینل کی نشریات معطل کرنا آئین و قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ اقدام ریاست اور اداروں کی تضحیک کے مترادف ہے۔ جیو نے نشاندہی کی کہ پراسرار وجوہات کی بنا پر کیبل آپریٹرسپریم کورٹ سے محاذ آراء ہوگئے ہیں اور کیس عدالت عظمیٰ میں لے جانے پر جیو اور جنگ گروپ کو سزا دے رہے ہیں کیبل آپریٹرز کا رویہ اور ان کی پشت پناہی کرنے والی خفیہ طاقتوں کے فعل ریاست اور عدلیہ سے محاذ آرائی کی بدترین مثال ہے۔ 24 اپریل سے آپ لوگوں نے جیو کے چینلز بند کیے ہوئے ہیں یا اس کے نمبرز مسلسل تبدیل یا آگے پیچھے کررہے ہیں اس کیلئے اگر کسی نے آپ کو دھمکایا یا دباؤ ڈالا یا ہراساں کیا ہے تو آپ نے اس کی کوئی شکایات پولیس یا متعلقہ ادارے میں درج نہیں کرائی اور دھمکی دینے والے کے فون نمبرز فراہم نہیں کیے۔ جیو کے وکیل فراز رضا کے توسط سے خط کی نقول تمام کیبل آپریٹرز سمیت، پیمرا، وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.