1 جون 2014
وقت اشاعت: 0:23
یہ نہ احتساب ہے ،نہ گڈ گورنس، سابق وزرائے اعظم کو نشانہ بنانا سیاسی انتقام ہے،آصف زرداری
جیو نیوز - کراچی…سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف اور امین فہیم کو احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاریا ہے۔آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کو ہراساں کرکے حکومت جمہوری قوتوں کے اتحاد کو نقصان پہنچارہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سابق وزرائے اعظم کو نشانہ بنانا سیاسی انتقام ہے، حیران کن بات ہے کہ صرف عوامی نمائندوں کے خلاف ریفرنس بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے برداشت، رواداری اور مفاہمت کی سیاست کو نقصان پہنچے گا، جبکہ پیپلز پارٹی مفاہمت کے ذریعے جمہوری نظام کو تحفظ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا کے ذریعے بغیر کسی ثبوت، اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگانے کا مقصد مخالفین کوبدنام کرنا ہے، یہ نہ احتساب ہے اور نہ گڈ گورنس، حکومت اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے اور سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے سے گریز کرے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں قومی پالیسیوں کا فیصلہ شفافیت کے ساتھ کابینہ نے اجتماعی طور پر کیا تھا۔