2 جون 2014
وقت اشاعت: 19:24
کراچی کیلئے 150 ارب روپے کا پیکیج منظور کیا جائے، ایم کیو ایم
جیو نیوز - کراچی…متحدہ قومی موومنٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کیلئے ڈیڑھ سو ارب روپے کا پیکیج منظور کیا جائے، ہر قسم کی قابل ٹیکس آمدن پر ٹیکس عائد کیا جائے۔ ایم کیو ایم نے شیڈو بجٹ جاری ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے اسلام آباد میں مالی سال 2014ء-2015ء کے لیے 37 کھرب 75ارب روپے کا شیڈو بجٹ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی قابل ٹیکس آمدن پر ٹیکس عائد کیا جائے،کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ڈیڑھ سو ارب مختص کیے جائیں۔فارق ستار کہتے ہیں کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم کو آخری موقع دے رہے ہیں ورنہ عوام کوسڑکوں پر لے آئیں گے۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے دیگر اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ شیڈو بجٹ میں کہا گیا ہے کہ ہر قسم کی قابل ٹیکس آمدن پر ٹیکس عائد کیا جائے، سیلز ٹیکس کی شرح 17سے کم کرکے 9فیصد کی جائے، پیٹرولیم لیوی کا فی الفور خاتمہ کیا جائے، اسٹیٹ بینک کی بنیادی رعایتی شرح 10فیصد سے کم کرکے 7.5فیصد کی جائے، کراچی کے لیے 29ارب روپے کے 4پانی سپلائی منصوبوں کا آغاز کیا جائے،کم سے کم تنخواہ 18 سے 20 ہزار مقرر کی جائے جبکہ تنخواہوں اور پینشن میں 15 فیصد اضافہ کیا جائے، ایس آر او کلچر ختم ہونا چاہیے،تعلیم جی ڈی پی کا پانچ فیصد رکھا جائے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے شیڈوبجٹ کے 8مقاصد ہیں، جن میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فنڈنگ میں اضافہ ،توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے متبادل توانائی پرانحصار یقینی بنایا جائے، 350ارب روپے کے گردشی قرضوں کا بوجھ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اٹھائیں۔ شیڈو بجٹ میں تجویز کیا گیا کہ حکومت براہ راست ٹیکس اور ٹیکس نیٹ کو بڑھائے اورایف بی آر پر چیک کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، اب وقت آگیا ہے کہ غریب کو اس کے گھر پر سہولتیں فراہم کی جائیں، غریب تو ادھار دینے کی بجائے خود کشی کر جاتا ہے،حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی جڑیں عوام میں مضبوط کرے تو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا،ایم کیوایم کے رہنماوٴں کا کہنا ہے کہ انہیں کل پیش ہونے والے بجٹ سے کوئی امیدیں نہیں ہیں ،یہ بھی ایک روایتی بجٹ ثابت ہو گا۔