3 جون 2014
وقت اشاعت: 4:55
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 3 افراد قتل
جیو نیوز - کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے پولیس افسر سمیت 3افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ جبکہ لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس مقابلہ کے دوران ایک گینگسٹرکوہلاک کرنے کادعویٰ کیاگیاہے۔غریب آباد میں ہوٹل کے قریب فائرنگ کر کے ساجد نقوی اور لیاقت آباد میں فائرنگ کر کے امتیاز حسین کو قتل دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دونوں افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔اس سے قبل منگھوپیر میں اجتماع گاہ کے قریب سے 7افراد کی لاشیں ملی جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، مقتولین کی عمریں 20 سال سے 40 سال کے درمیان ہیں۔پولیس کے مطابق واردات کی جگہ سے 9 ایم ایم پستول کے 16 خول ملے ہیں۔واقعہ تھانہ منگھو پیر کی حدود میں پیش آیا جہاں اس سے چند روز قبل بھی 3افراد کی لاشیں ملی تھیں۔ پولیس حکام کے مطابق 7میں سے 5لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مقتولین میں شعیب ،خان سعید اور یوسف سوات کے رہائشی ہیں اور ان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، جبکہ ارشاد کشمیری اور ناصر کشمیری کا تعلق لیاری سے ہے۔ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ مقتولین کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں۔ دوسری جانب کورنگی بلال چورنگی کے قریب فائرنگ سے پولیس افسرمحمد سلیم کو قتل کردیا گیا۔ فائرنگ کا ایک اور واقعہ سوک سینٹر کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔