تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 جون 2014
وقت اشاعت: 11:24

سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنا پیمرا کا فرض ہے، جسٹس اعجازالاحسن

جیو نیوز - لاہور…لاہورہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے قراردیاہے کہ پیمرا ریگولیٹری باڈی ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنا اس کا فرض ہے۔اگر کیبل آپریٹرز پیمرا کاحکم نہیں مانتے تو پیمرا ان کے لائسنس منسوخ کر سکتی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے یہ ریمارکس پیمرا اور کیبل آپریٹرز کیخلاف انڈی پنڈنٹ میڈیا کارپوریشن لمیٹڈ کی درخواست کی سماعت کے دوران دیئے۔انڈی پنڈنٹ میڈیا کارپوریشن نے کیبل پر جیو کی نشریات بحال کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کو چیلنج کر رکھا ہے۔جسٹس اعجازالاحسن نے قراردیاکہ جب پیمرا عدالتی حکم پر عمل کریگی تو کیبل آپریٹرز بھی اس کے پابند ہوں گے۔کیبل آپریٹرز بڑے ہوں یا چھوٹے،پیمرا کے قواعد وضوابط کے پابند ہیں۔اگروہ پیمرا کاحکم نہیں مانتے تو پیمرا ان کے لائسنس منسوخ کر سکتی ہے،اگر پیمرا چاہے تو کیبل آپریٹرز کیسے خلاف ورزی کر سکتے ہیں۔آئی ایم سی کے وکیل نے موٴقف اختیارکیاکہ سپریم کورٹ نے پیمرا کوحکم دیاکہ جیو کی نشریات بحال کرنے کے حوالے سے2012ء کے حکم پر عمل درآمد کیاجائے۔لیکن پیمرا سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہی۔وکیل نے عدالت کوبتایاکہ ہزاروں ملازمین کا مستقبل داوٴ پر لگا ہے،روزانہ3کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہو رہا ہے۔عدالت نے آئی ایم سی کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔اس پر وکیل کاکہناتھاکہ آئین کے تحت لاہور ہائیکورٹ بھی عملدرآمد کاحکم جاری کر سکتی ہے۔عدالت نے قرار دیاکہ پیمرا کے دفاتر اسلام آباد میں ہیں۔آپ اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔وکیل نے استدعاکی کہ عدالت مزید دلائل کیلئے مہلت دے۔اس پر عدالت نے کارروائی آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.