6 جون 2014
وقت اشاعت: 12:46
پاکستانی نژاد ڈاکٹرسجادکریم یورپی پارلیمنٹ کے صدر کا الیکشن لڑینگے
جیو نیوز - پیرس ...رضا چوہدری... یورپی پارلیمنٹ کے پہلے پاکستانی نژاد برطانوی رکن ڈاکٹر سجادکریم ای یو پارلیمنٹ کی صدارتی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔ یورپین کنزرویٹو ز اور اصلاح پسند گروپ نے انہیں اس عہدے کے امیدوار کے طورپر نامزد کیاہے۔سجادکریم جو یورپی پارلیمنٹ میں کنزرویٹوز کے قانونی امور کے ترجمان بھی ہیں، یورپ میں کنزویٹوزکے اصلاحی ایجنڈے میں پیش پیش رہے ہیں۔ان اصلاحات میں یورپ میں ریڈ ٹیپ کا خاتمہ ، ای یو قانون سازی کے لیے نئے فریم ورک کو متعارف کروانا اور قومی پارلمان کے اختیارات اضافہ شامل ہے۔سجادکریم شمال مغربی برطانیہ سے منتخب ہونے والے پہلے برطانوی مسلمان ہیں جو پہلی دفعہ 2004ء میں ای یو پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے اور گذشتہ ماہ کے یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات میں مسلسل تیسری مرتبہ کامیاب قرار پائے۔سجادکریم اس وقت یورپی پارلیمنٹ کی مشاورتی کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کے چیئرمین بھی ہیں ، جس کا مقصد پارلیمنٹ میں کرپشن کاخاتمہ ہے۔ سجادکریم نے ای یو پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان گروپ قائم کیا ۔ ای یو پارلیمنٹ میں کنزویٹوز کے سینئر رکن سجادکریم برطانوی وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو جی ایس پی۔پلس کا درجہ دلوانے میں بھی اہم کرداراداکیاہے جس سے پاکستان اور یورپ کے تعلقات میں اضافہ ہواہے۔اس کاوش کے اعتراف کے طورپر پاکستان کی یونیورسٹی آف مینجمنٹ و ٹیکنالوجی لاہور نے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔