6 جون 2014
وقت اشاعت: 20:36
پیمرا نے15دن کیلئے جیونیوز کا لائسنس معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
جیو نیوز - اسلام آبا......پیمرا نے15دن کےلیے جیونیوز کا لائسنس معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیمرا اتھارٹی نے یہ فیصلہ جیو نیوز کے خلاف وزارت دفاع کی درخواست پر کیا۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع کی شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ حامد میر کے واقعے کے بعد جیو نیوز نے قابلِ اعتراض مواد نشر کیا، وزارت دفاع کی شکایت پر جیو نیوز کو 23اپریل کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں جیو نیوز کے نشر کردہ مواد کو قابل اعتراض قرار دیا جائے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز کا لائسنس 15دن کیلئے معطل کیا جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جیو نیوز کا لائسنس 6جون2014 سے 20جون 2014 تک معطل رہے گا۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جیو نیوز اپنی نشریات کو فوری طور پر روک دے، جیو نیوز پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ کیا جاتا ہے، جرمانہ معطلی کے دورانیے میں جمع کرایا جائے، جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں لائسنس بدستور معطل رہے گا۔