11 جون 2014
وقت اشاعت: 19:8
کراچی ایئرپورٹ حملے کی تحقیقات، نواب شاہ سے 5 افراد زیر حراست
جیو نیوز - نوابشاہ.......کراچی ایئر پورٹ حملہ کیس میں نواب شاہ سے 5افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حملہ آوروں نے اپنے موبائل فونز کی سمیں ان ملزمان کی فرنچائز سے خریدی تھیں۔ نوابشاہ میں پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کرکے دو موبائل فرنچائز سے 5افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کراچی ایئرپورٹ حملے میں دہشت گردوں نے جو موبائل فون سمیں استعمال کیں وہ ان دونوں فرنچائز سے خریدی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ شب حساس اداروں کے اہلکاروں نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ نوابشاہ کے شیراز چوک اور چکرا بازار میں دو مختلف موبائل فون کمپنیوں کی فرنچائز پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران 5افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ فرنچائز کا ریکارڈ، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور سمیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ حساس اداروں کے اہلکار موبائل فرنچائز کے مالکان اور 3ملازمین کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع کے مطابق گرفتاریاں کراچی ایئرپورٹ حملے کے تناظر میں کی گئی ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ ایئرپورٹ حملے کے دوران دہشت گرد جن موبائل فون سموں سے رابطے کر رہے تھے وہ سمیں ان دونوں فرنچائز سے خریدی گئی تھیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پکڑے گئے افراد کو کراچی منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم بار بار رابطے کے باوجود نوابشاہ سٹی پولیس چیف اعجازترین کچھ بتانے کو تیار نہیں۔ گرفتار افراد کے والدین کا کہنا ہے کہ رات گئے یہ واقعہ پیش آیا اور انہیں اب تک ان کے بچوں کا کچھ نہیں پتا۔ دوسری جانب فرنچائز مالکان اور ملازمین کی گرفتاری کے خلاف موبائل فون ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجاً شہر کی تمام موبائل مارکیٹیں بند کردی گئی ہیں۔