12 جون 2014
وقت اشاعت: 20:18
کراچی:خرابی کے باعث 11 گرڈ اسٹیشن متاثر،کئی علاقوں میں بجلی غائب
جیو نیوز - کراچی.........کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔کے الیکٹرک کہتی ہے کہ زیر زمین ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہو گئی ہے، گیارہ گرڈ اسٹیشن متاثر ہیں، بجلی بحال ہونے میں چار سے چھ گھنٹے لگیں گے۔کلفٹن، ڈیفنس، صدر، لیاری، ایم اے جناح روڈ، نارتھ ناظم آباد اور لانڈھی کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔کراچی میں کے الیکٹرک کی زیر زمین ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث 11 گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے ہیں جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک کی 220 کے وی کی انڈر گراؤنڈ ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث 11 گرڈ اسٹیشن متاثر ہیں جبکہ قیوم آباد کے علاقے میں آدھے کلو میٹر کی انڈر گراؤنڈ کیبل میں بھرے پانی کو نکال دیا گیا ہے جس سے علاقے میں بجلی کی فراہمی کی جلد بحالی متوقع ہے۔ شہر کے 11 گرڈ اسٹیشن کے متاثر ہونے سے ڈیفنس، کلفٹن، لیاری اور نارتھ ناظم اباد سمیت مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں باری باری متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔