13 جون 2014
وقت اشاعت: 21:49
الطاف حسین جمہوری، لبرل اور ترقی یافتہ پاکستان چاہتے ہیں، جنید فہمی
جیو نیوز - شکاگو .........ایم کیو ایم امریکہ کے زیر اہتمام آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا 36 واں یوم تاسیس ــ ــ یوم عزم کے طور پر انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ امریکہ کے 16 شہروں میں یوم تاسیس کی تقریبات منعقد ہوئیں جس میں ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل کمیٹی کے اراکین وکیل جمالی، گل محمد، اسد صدیقی، ثاقب محی الدین، توصیف خان، علی حسن، محمد ظہیر، عامر قاضی اور وسیم زیدی نے شرکت کی ۔ یوم تاسیس کے اجتماعات میں کارکنان اور ہمدردوں کے ساتھ پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سینٹرل آرگنائزر جنید فہمینے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایم ایس او سے لے کر ایم کیو ایم جیسی مقبول عوامی تحریک تک کا سفر اور کامیابیاں الطاف حسین کے و یژن ، سچائی اور رہنمائی کا ثمر ہے،جامعہ کراچی سے اٹھنے والی شعور و آگاہی کی آواز نے ملک بھر کے مظلوم اور محروم عوام کے حقوق کی تحریک کی شکل اختیار کر لی ہے، الطاف حسین کی جدوجہدایک جدید، لبرل، جمہوری اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے ہے جہاں ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور مذہبی انتہا پسندوں کے لئے کوئی جگہ نہ ہو۔جوائنٹ آرگنائزر محمد ارشد حسین نے کہا کہ الطاف حسین اپنے زمانہ طالب علمی سے ہی ایک عظیم مدبر اور دوراندیش رہنما کے طور پر جانے اور مانے جاتے ہیں،انھوں نے وطن عزیز کی بقا و سلامتی کو لاحق خطرات سے برسوں پہلے آگاہ کردیا تھا۔ندیم صدیقی نے کہا کہ 11جون کی تاریخ دراصل پاکستان میں انقلاب کا آغاز ہے۔اے پی ایم ایس او کے بطن سے جنم لینے والی ایم کیو ایم ہی آج ملک بھر کے استحصال زدہ طبقات کی ترجمانی اور تبدیلی کی آخری امید ہے، آج ہم اس عزم کی ایک بار پھر تجدید کرتے ہیںکہ قائد تحریک کی رہنمائی میں حق و سچ کے اس قافلے کا ناصرف حصہ رہیں گے بلکہ اس کے راستے میں آنے والی ہر مشکل اور پریشانی کا ڈٹ کر مقابلہ بھی کریں گے۔یوم تاسیس کے اجتماعات میں کیک کاٹے گئے جبکہ الطاف حسین کی صحت، سلامتی اور تحریک کے شہداء کے بلند درجات کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔