13 جون 2014
وقت اشاعت: 22:59
ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری وسلامتی پروارہے، حامد موسوی
جیو نیوز - اسلام آباد........قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں 6ماہ کے وقفے کے بعددوامریکی ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اورسلامتی پروارہے جسے روکنے کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات کرے،کراچی ائیرپورٹ پردہشت گردوں کاحملہ تباہ کن کاروائی تھی جسے ناکام کرکے دشمنوں کے ناپاک منصوبے خاک میںملانے پرپوری قوم افواج پاکستان ، سیکورٹی ایجنسیوں ، رینجرزاوراے ایس ایف کے بہادرسپوتوں کوسلام عقیدت پیش کرتی ہے، کفر و شرک جبر وتشدد ،فتنہ فساد و برائیاں اپنی انتہاؤں کو چھو رہی ہیں ظالمانہ استعماری سرمایہ دارانہ و ملحدانہ نظاموں نے انسان کا جینا محال کردیا ہے ہر مظلوم و مستضعف مہدی موعود کی راہ دیکھ رہا ہے ، دنیا میں جاری شکست و ریخت اورظلم و جبر کوجڑسے اکھاڑنے کیلئے فرزند رسول ؐ حضرت امام مہدی علیہ السلام اذن الٰہی حاصل کرتے ہوئے بہت جلد ظہورفرماکر عدل و انصاف کا پرچم بلند کریں گے اور مظلومین و مستضعفین کو اپنے گرد جمع کر کے ظالمین اور انکی حکومتوں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرکے حقیقی اسلامی عادلانہ نظام قائم کریں گے جو روشن و درخشاں، ہر طرح کے خوف و ہراس سے دور اوررحمتوں، نعمتوں، آسائش ، اطمینان و سکون سے سرشار ہو گی،اسلحے اور ٹیکنالوجی سے لیس دنیا کی شیطانی سپر طاقتیں اپنے لا متناہی وسائل کے باوجود کبھی امام مہدی کے انقلاب کونہ روک سکیں گے اور باطل کے انہدام اور حق کی فتح کا وعدہ خداوندی پورا ہو کر رہے گا۔یہ بات انہوں نے ولادت پر نور شہنشاہ دوراں حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کہی ہے جوہفتہ15شعبان المعظم کو عالمگیر یوم عدل کے طور پر منایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج دنیائے انسانیت کو گوناگوں مسائل و مصائب کا سامنا ہے ۔ استعماری و استکباری قوتیں تباہ کن اسلحہ بنانے میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے میں اپنی تمام توانائیاں صرف کر رہی ہیں۔صلح و امن، آرام و سکون نام کی کوئی شے موجود نہیں ہے ہر سو ظلم و بربریت کا دور دورہ ہے،ہر طرف نا امیدی اور مایوسی ہے، ہر شخص روحانی بے چینی سے دوچار ہے۔ ایسے میں ایک مسیحا ونجات دہندہ کی ضرورت ہے ایسا مسیحا جس نے ماضی کے ادوار کو بہ چشم خود دیکھا ہو اورتمام تر مظالم اور ظالمین کا خود سے مشاہدہ کیا ہو اور وہ ذات حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ ہیں ۔