15 جون 2014
وقت اشاعت: 0:30
ایم پی اے ہنڈری مسیح کا قتل، قومی اسمبلی میں دو منٹ کی خاموشی
جیو نیوز - اسلام آباد.......قومی اسمبلی میں تمام جماعتوں نے رکن صوبائی اسمبلی ہنڈری مسیح کے قتل کی پرزور مذمت کی، ایوان میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت سے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا کہا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث جاری تھی کہ رکن صوبائی اسمبلی کے قتل کی خبر پہنچی۔ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ معلوم نہیں دہشت گردوں سے مذاکرات کئے جارہے ہیں یا ان کے خلاف آپریشن۔ ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی نے کہا کہ یہ کسی اقلیتی کا نہیں ایک پاکستانی اور جمہوریت کا قتل ہے۔ تحریک انصاف کے شہریار آفریدی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت اس واقعے کو سنجیدگی سے لیں۔ جے یو آئی،پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور جماعت اسلامی کے اراکین نے بھی واقعے کی پرزور مذکت کی۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا کہ صوبائی حکومت سے کہا جائے گا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے۔