16 جون 2014
وقت اشاعت: 18:42
دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ خوش آیند ہے، الطاف حسین
جیو نیوز - لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف بھرپور فوجی آپریشن کاحکومتی فیصلہ خوش آیند ہے ہم نے ملک کی سلامتی وبقا اورشہریوں کے جان ومال کے تحفظ کی خاطر ہی اس فوجی کے آپریشن کی حمایت کی ہے اور ہم اپنے اصولی موٴقف پر قائم ہیں۔ الطاف حسین نے سابق وفاقی وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک سے فون پر گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے اپنے مفاد کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کو اس کے دشمن دہشت گرد عناصرسے نجات دلانے کے لیے حکومتی فیصلے کے تحت بھرپور آپریشن شروع کیا ہے۔ انھوں نے پاکستان کے تمام سیاسی ومذہبی رہ نماؤں سے بھی کہا کہ یہ و قت مصلحت پسندی کانہیں بلکہ ملک کی بقاء اورسلامتی کے لیے مسلح افواج اوران کے ایکشن کی حمایت کرنے کا ہے، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اب چاروں صوبائی حکومتیں بھی اپنے اپنے صوبوں میں دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں سے شہریوں اورتمام اہم مقامات کومحفوظ رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔ رحمان ملک نے طالبان دہشت گردوں کے خلاف الطاف حسین کے موقف اورطالبان دہشت گردوں کے خلاف فوج کے آپریشن کی حمایت کو سراہااورکہاکہ تمام سیاسی رہ نماؤں اورپوری قوم کواسی جذبے اورقومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔