16 جون 2014
وقت اشاعت: 20:32
وزیراعظم نے اعتماد میں نہیں لیا، آپریشن شروع ہوگیا، عمران خان
جیو نیوز - اسلام آباد........تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اعتماد میں نہیں لیا، آپریشن شروع ہوگیا، مذاکرات اتنا بڑا ہی ایشو تھا تو وزیر اعظم کو خود لیڈ کرنا چاہیے تھا۔ عمران خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعظم کو یہاں ہونا چاہیے تھا، وزیر اعظم ایک سال سینیٹ نہیں گئے، تھوڑی دیر اور نہ جاتے تو قیامت نہ آجاتی، پوری قوم امن چاہ رہی ہے، فوجی حل کے ماضی میں اچھےنتائج نہیں نکلے۔ عمران خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے دو اعتراضات ہیں، مذاکرات کے لیے وزیراعظم کو جو قیادت دینی چاہیے تھی وہ نہیں دی گئی، وزیراعظم سرمایہ کاری کے لیے گھوم پھر رہے ہیں لیکن دہشت گردی اس سے بڑا مسئلہ تھا، پاکستان میں دہشت گردی نہیں ہوگی تو سرمایہ کاری خود آجاتی، مذاکراتی عمل کے دوران طالبان میں اختلافات پیدا ہوئے، ٹی وی پر دیکھا کہ آپریشن شروع ہوگیا، فوجی ترجمان آپریشن کا بتا رہے ہیں، وزیراعظم کا کچھ پتا نہیں تھا، جو صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا اس کے وزیراعلیٰ کو بھی ٹی وی سے آپریشن کا پتا چلا، ظاہر ہے ہم فوج کے ساتھ ہیں، ہمارے سارے رشتے دار فوج میں ہیں، ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا حکومت اور کابینہ کو آن بورڈ لیا جائے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ پوری قوم امن چاہتی ہے، ہمیں آن بورڈ لے لیتے شاید کوئی اچھی تجویز دے دیتے، کون سی ایسی چیز تھی جو ہم سےخفیہ رکھی جانی تھی، رستم شاہ مہمند ہماری پارٹی کے ہیں جو کمیٹی میں شامل تھے، ہم چاہتے ہیں حکومت سب کو آن بورڈ لے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پہلے ہی بتا دیا جاتا تو بجٹ میں آئی ڈی پیز کے لیے رقم رکھتے، خیبرپختونخوا حکومت نے آئی ڈی پیز کے لیے کچھ اقدامات نہیں کیے، اگر آپریشن کرنا ہی تھا تو ہمیں اعتماد میں لے لیا جاتا، ہمیں کچھ نہیں بتایا گیا اور حمایت مانگ رہے ہیں۔