تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 جون 2014
وقت اشاعت: 11:22

جیو نیوز کی بندش کے خلاف ہر سطح پر احتجاج جاری

جیو نیوز - کراچی .....جیو کی بندش کے خلاف ہر سطح پر احتجاج جاری ہے،جیو کے دفتر کے سامنے نامور کھلاڑیوں اور مزدور یونین کے رہنمائوں نے بھرپور انداز میں جیو سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا ۔جیو کی بندش نے معاشرے کے ہر فرد کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے،جیو کے دفتر کے سامنے آزادی گلی میں اٹھارویں روز بھی آزادی اظہار کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کا ہجوم رہا ۔اس موقع پر نیشنل ٹریڈ یونین کے صدر رفیق بلوچ اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر منصور کا کہنا تھا کہ جیو کی جدو جہد میں ملک بھر کی ٹریڈ یونینز کے ساڑھے پانچ لاکھ ورکرز اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔سابق ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف اور سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد بھی اظہار رائے کی آزادی سلب کئے جانے پر چپ نہ رہ سکے۔ مصر میں ہونے والی ورلڈ ٹیم اسنوکر چمپئن شپ میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل آزادی گلی میں خطاب کرتے ہوئے سابق ورلڈ اسنوکر چمپئن محمدآصف نے کہا کہ جیو سوپر اور جیو نیوز پاکستانی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتا ہے، ہمیں دکھ ہوتا ہے جب ہمیں ہمارا من پسند چینل دیکھنے کو نہیں ملتا۔ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن کی جنرل سیکریٹری زہرہ اکبر نے سینئرصحافی حامد میر پر حملے اور جیو کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے شانہ بشانہ جدو جہد کا یقین دلایا ۔ جیو نیوز کراچی کے بیورو چیف فیصل عزیز خان نے کہا کہ کسی بھی قسم کی بندش کے باوجود ہم حق پر ڈٹے رہیں گے۔جیو کا ساتھ دینے اور جینے دو کا نعرہ لگانے والوں کا جوش و خروش روز بروزبڑھتا جارہا ہے، ہر کوئی اپنے پسندیدہ چینل کو جلد از جلد اسکرین پر دیکھنے کا خواہشمند ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ حق اور سچ کی آواز کو ہر قیمت پرآزاد کرواکر رہیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.