17 جون 2014
وقت اشاعت: 18:22
قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے،وزیراعلیٰ پنجاب
جیو نیوز - لاہور .....وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ انھیں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، اگر جوڈیشل کمیشن نے انھیں اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا تو فوری استعفیٰ دےدیں گے۔ شہباز شریف نے لاہور میں منہاج القرآن سیکرٹریٹ پر پیش آنے والے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ان کےدورمیں کوئی سزاسےبچ جائےیہ ممکن نہیں،انھوں نے کہا کہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ واقعے میں ہلاکتوں پر ان کا دل رو رہا ہے،انھوں نے مرنے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کیا۔شہباز شریف نے عدالت عالیہ سے درخواست کی کہ وہ یومیہ بنیادوں پر تحقیقات کرے۔انھوں نے کہا کہ وہ اس واقعے پر ڈاکٹر طاہر القادری سے بھی اظہار افسوس کرتے ہیں۔پنجاب کےعوام سےاپیل کرتاہوں کہ تحمل اوربرداشت سےکام لیں،انھوں نے کہا کہ وہ چھ برس سے پنجاب کے وزیراعلیٰ ہیں اور اس سے پہلے بھی ڈھائی سال وزیراعلیٰ رہے، مگر انھوں نے کبھی لاٹھی اورگولی کی سیاست نہیں کی،ایک موقع پر قریبی عزیز کو بھی جیل بھجوانے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی ۔ انھوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ میں جو بھی تجویز کیا جائے گا اسے من وعن قبول کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ واقعے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے،28پولیس اہل کار اور 52 شہری زخمی ہوئے۔