17 جون 2014
وقت اشاعت: 22:12
شہریوںکا قتل: شہباز شریف حق حکمرانی کھو چکے، علامہ بہشتی
جیو نیوز - کراچی.........مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اعجاز حسین بہشتی نے لاہور میں بے گناہ مرد و خواتین کو بے دردی سے قتل کرنے کی پرزور مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن، وزیر ستان آپریشن سے قوم کی توجہ ہٹانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، منہاج القرآن کے پر امن شہریوں پر بے دریغ گولیاں اور لاٹھیاں برسہ کر شہباز شریف پنجاب کے قصاب ثابت ہو ئے ہیں ، رانا ثنائاللہ نے منہاج القرآن کی نہتی خواتین پر مسلح دہشت گرد ہونے کا جھوٹا الزام لگایا،ان خیالات کا اظہار مجلس و حدت مسلمین کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کراچی پریس کے کلب پر پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انکے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنما حسن ہاشمی ،آصف صفوی، انجینئر رضا،علامہ مبشر حسن سمیت دیگر موجود تھے۔ علامہ اعجاز حسین بہشتی کاکہنا تھا کہ بے گناہ کارکنان کی شہادت پر مجلس وحدت مسلمین ،پاکستان عوامی تحریک کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیر ستان میں جاری آپریشن ضرب عضب سے عوامِ پاکستان کی توجہ ہٹانے اور طالبان کو خوش کرنے کے لئے مسلم لیگ ن طالبان مخالف قوتوں کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کر رہی ہے ، نازک ماحول میں جب وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور اٹھارہ کروڑ عوام پاک فوج کی کامیابی اور دہشت گردوں کے نابودی کے منتظر ہیں ، پنجاب حکومت طالبان مخالف قوتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاآغاز کر رہی ہے ،پاکستان عوامی تحریک کے پر امن اور نہتے کارکنان اور خواتین پر پولیس کا بہیمانہ تشدد قابل مذمت ہے، پنجاب پولیس نے شہباز شریف کی مبینہ ایماء پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے، نواز لیگ عوامی غیض وغضب کو دعوت دے رہی ہے، پر امن احتجاج عوام کا آئینی و قانونی حق ہے جو چھینا نہیں جا سکتا ، لیکن آج لاہور میں پولیس گردی اور قتل وغارت گری جمہوری اقدار کے سراسر منافی ہے،وزیر قانون رانا ثناء اللہ اپنے ظلم کو چھپانے کے لئے عوامی تحریک کے کارکنان کے مسلح ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔