تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 جون 2014
وقت اشاعت: 21:12

انسداد دہشت گردی مشن میں فوج کے ساتھ ہیں، ایم کیو ایم امریکہ

جیو نیوز - شکاگو......... متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کےسینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت اراکین سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی نے اپنے ایک اجلاس میں شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن شروع کئے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملکی سا لمیت کیلئے انتہائی احسن قدم اور وقت کی ضرورت قرار دیا اورکہا کہ پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے،الطاف حسین، پاکستان کے واحد سیاسی رہنما ہیں جو سالہا سال سے ملک کی سویلین اور عسکری قیادت کو طالبان و غیر ملکی دہشت گردوں اور انکے پشت پناہوں کے عزائم کے حوالے سے مملکت پاکستان کو درپیش خطراتو خدشات سے نہ صرف آگاہ کرتے رہے، بلکہ ا نکی بیخ کنی کیلئے بھرپور فوجی کاروائی کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں، اور انھوں نے ایم کیو ایم کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کو اپنے بھر پور تعاون اور حمایت کا یقین دلاکریہ ثابت کردیاہے کہ وہ شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر کاروائی میں ایم کیو ایم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ایم کیو ایم امریکہ نے کہا کہ طالبان کی حمائت اور انکے جرائم کی پردہ پوشی کرنے والی سیاسی و مذہبی جماعتیں بھی پاکستان کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے عمل میں برابر کی شریک ہیں اور وقت آگیا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں کے ساتھ ساتھ انکے سیاسی ونگز کے طور پر کام کرنے والی جماعتوں کے مکروہ چہروں سے بھی نقاب اتار پھینکی جائے،مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے شمالی وزیرستان کی طرح پاکستان کے معاشی دارالحکومت کراچی کو بھی طالبان اور اس کی ہم خیال و حامی مذہبی انتہا پسند تنظیموں سے پاک کرنے کیلئے فوری و ٹھوس کاروائی بھی بہت ضروری ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام نسلی و گروہی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کی بقاء و سلامتی کے لئے تمام محب وطن سیاسی مذہبی جماعتیںاور سول سوسائٹی اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کی ایک قوت بن کر پاک فوج کی پشت کو مضبوط کیا جائے۔اجلاس کے آخر میں شرکاء نے شمالی وزیرستان میں شروع کئے جانے والے آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی اور ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے دعائیں بھی کیں۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.