4 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 22:28
کوہاٹ،سوات اور ٹانک میں بم دھماکے اور فائرنگ، 8 افراد جاں بحق
جیو نیوز - کوہاٹ...... خیبرپختون خوا ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ۔ آج صوبے کے تین اضلاع کوہاٹ ،سوات اور ٹانک میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں 8افراد جاں بحق اور 12زخمی ہوگئے۔ خیبرپختون خوا میں کچھ عرصہ امن رہنے کے بعد ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی کارروائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ آج دہشت گردی کا بدترین واقعہ کوہاٹ میں ہوا جہاں پشاور چوک بس اڈے پر دھماکے سے 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے ۔ حکام کے مطابق 5کلو وزنی بم پک اپ گاڑی میں نصب کیا گیا تھا ۔ دھماکے سے 3افراد موقع پر جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے جن میں سے تین نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوہاٹ میں دم توڑ دیا ۔12 میں سے 5 شدید زخمیوں کو پشاور کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ دھماکے کے بعدکوہاٹ ہنگو روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے۔سوات کے علاقے مٹہ ٹائون میں عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما اور امن کمیٹی کے رکن محمد اشرف خان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے ۔ ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار نادر خان بھی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا جس نے سیدو شریف اسپتال میں دم توڑ دیا ۔واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ادھر ضلع ٹانک کے نواحی علاقے کوٹ اعظم میں ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے امن کمیٹی کے سربراہ شیر پاؤ محسود کی گاڑی کو نقصان پہنچا ۔ خوشی قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ گومل بازار کے علاقے میں بھی مکانات کے سامنے دو کریکر دھماکے ہوئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔