5 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 11:38
کوئٹہ خودکش حملے میں جاں بحق پانچوں افراد کی نماز جنازہ ادا
جیو نیوز - کوئٹہ .......کوئٹہ میں گزشتہ روز خود کش حملے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے۔گزشتہ روز ہزارہ ٹاؤن کے علاقے علی آباد میں دھماکے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں ادا کردی گئی ہے۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ لواحقین اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی اور انتہائی افسردہ تھے۔دوسری جانب بلوچستان شیعہ کانفرنس اور تحفظ عزاداری کونسل کی جانب سے سات جبکہ شیعہ علما کونسل نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس وقت ہزارہ ٹاؤن،علمدار روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں سوگ کا سماں ہے۔علی آباد دھماکے کا مقدمہ رات گئے بروری تھانے میں ایس ایچ او بروری کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکا کرنے والے خودکش حملہ آور کا سر اور جسم کے عضاء ملے ہیں۔ شناخت کے لئے ڈی این اے کیلئے بھجوائے جائیں گے۔ گزشتہ رات ہزارہ ٹاؤن کے علاقے علی آباد بازار میں خودکش دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے تھے۔