6 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 11:49
انکل الطاف اپنے نامعلوم افراد کو سنبھالیں،بلاول بھٹو
جیو نیوز - کراچی......پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے جانیں دی ہیں، نواز شریف نے جلاوطنی کاٹی ہوگی لیکن شیر تو کیا بلی کا بچہ بھی قربان نہیں کیا، عمران خان کو سیاست سیکھنی ہو تو بھٹو سے سیکھیں، ہمیں کرکٹ سیکھنی ہوگی تو عمران سے سیکھیں گے،انکل الطاف آپ اپنے نامعلوم افراد کو سنبھالیں، اگر میرے کارکنوں پر ایک آنچ بھی آئی تو لندن پولیس کیا میں آپ کا جینا حرام کردوں گا۔ عید کے موقع پربلاول ہائوس کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم بی بی کے جیالے ہیں ،ہم تو میدان جنگ میں پیدا ہوتے ہیں ،کچھ لوگ نے خاندانی سیاست کی رٹ لگارکھی ہے ،پیپلز پارٹی خاندانی سیاست کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری پیپلز پارٹی ایک خاندان کی طرح ہے، میں بھٹو ہوں ، آپ بھٹو ہیں ،ہر کارکن بھٹو ہے،یوسف رضا گیلانی بھی بھٹو ہیں، پارٹی کارکن راجہ پرویز کو وزیر اعظم بنایا وہ بھی بھٹو ہیں اور اگلا وزیر اعظم بھی بھٹو ہوگا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انگلی کٹاکر شہیدوں میں نام نہیں درج کرواسکتے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے جانیں دی ہیں، نواز شریف نے جلاوطنی کاٹی ہوگی لیکن، شیر تو کیا بلی کا بچہ بھی قربان نہیں کیا،بھٹو نے جمہوریت کے لیے پھانسی کے پھندے کو چوما،مرتضیٰ اور شاہنواز بھٹوکو آمروں کے اشارے پرقتل کیاگیا،جمہوریت کے لیے ہمارے کارکنوں نے شہادتیں دیں،عمران خان نے مشرف کا وزیر اعظم بننے کیلئے شادی قربان کردی اس کو کیا قربانی کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سیکھنی ہو تو بھٹو سے سیکھیں، ہمیں کرکٹ سیکھنی ہوگی تو عمران سے سیکھیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ 18 اکتوبرکومزار قائد جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے شک مشرف عدلیہ کی عزت نہ کریں، مگر میں عدلیہ کی عزت کرتا رہوں گا، میں فوجی جوان اور اس کی وردی کی ہمیشہ عزت کروں گا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں پاکستانی شہری ہوں،سیاست کرنے سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا،اگر میں بے نظیر کے بیٹا نہ ہوتا تو مجھے بدلہ لینے سے کوئی نہیں روک سکتا تھا۔