9 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 14:52
لاہور: نوجوان طاہر سپرد خاک، انصاف چاہئے،والد
جیو نیوز - لاہور .......لاہور میں سابق وزیراعظم کے بیٹے عبدالقادر گیلانی کے سکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان طاہر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ مقتول طاہر کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی دنیا اُجڑ گئی ہے۔وہ ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ عید کا تیسرا روز، ڈیفنس کا 23 سالہ طاہر ملک اپنے بھائی کے ہمراہ قربانی کا گوشت دینے گھر سے نکلا۔ غازی روڈ پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے عبدالقادر گیلانی کا سکواڈ بھی گزر رہا تھا۔ مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ سپیڈ بریکر پر ٹریفک ہلکی ہوئی تو طاہر نے موٹر سائیکل پر عبدالقادر گیلانی کے سکواڈ کو اوور ٹیک کر لیا۔ جس پر عبدالقادر گیلانی کے محافظوں نے اسے گولی مار کر قتل کر دیا۔طاہر کے والد کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردی ہے، حکمران نوٹس لیں ، عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے۔ مقتول طاہر چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پرتھا اور بی کام کا طالب علم تھا۔ دوسری جانب پولیس پہلے ہی عبدالقادر گیلانی اور اس کے محافظ محمد خان کے خلاف مقدمہ درج کر کے محمدخان کو گرفتار کر چکی ہے۔