تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
10 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 3:22

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، بھارتی جارحیت کا جائزہ لیا جائے گا

جیو نیوز - اسلام آباد.....قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، بھارتی جارحیت سے 4 روز میں 12 افراد شہید ہوچکے ہیں۔کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا، جس میں بھارت کی بلااشتعال کارروائیوں اور سرحدی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان اورڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان،وزیردفاع خواجہ محمد آصف ،وزیراطلاعات سینیٹرپرویزرشید، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز سمیت اعلیٰ سیکیورٹی و سرکاری حکام بھی شرکت کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دو نکاتی ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ اور سرحدی خلاف ورزیوں کے واقعات کا جائزہ لے گی جبکہ اعلیٰ سیکیورٹی حکام اس غیرمعمولی صورت حال اور اب تک ہونے والی جانی ومالی نقصان پر بریفنگ دیں گے۔ اجلاس کو پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی پر بھی اعتماد میں لیاجائےگا۔حکام کا کہناہےکہ مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز اجلاس کو بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کے اب تک کیے گئے سفارتی رابطوں پر بریفنگ دیں گے ۔ حکام کے مطابق بھارت کے اشتعال انگیز رویے سے متعلق حکومتی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ قومی سلامتی کمiٹی کے اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور اس میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا ، اعلیٰ فوجی حکام آپریشنل حکمت عملی اور اب تک کی کامیابیوں کے بارے بریفنگ دیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.