تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 4:48

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس

جیو نیوز - اسلام آباد........سیاسی وعسکری قیادت نے ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے،دہشت گردوں کو فوری سزائیں دلوانے کے لیے فوجی افسران پر مشتمل خصوصی عدالتیں 2سال کے لیے قائم کی جائیں گے۔وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت قومی پارلیمانی جماعتوں کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں سیاسی قائدین، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی،تقریباً 11 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی پیش کردہ 21 سفارشات پر وزیرداخلہ چودھری نثارجبکہ آرمی چیف نے دہشت گردوں کےخلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی،فوجی عدالتوں کے قیام پربعض جماعتوں کے تحفظات کو وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی سے دورکیا گیا۔ایم کیوایم کےاعتراضات پر فوجی وسیاسی قیادت نے خصوصی فوجی عدالتوں کے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔فوجی عدالتوں کے قیام کے لیے آئینی ترامیم کے سلسلے میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی جس میں اعتزازاحسن،فروغ نسیم،افراسیاب خٹک، حامد خان،مشاہد حسین سید اور اٹارنی جنرل بھی شامل ہوں گے، کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہناہےکہ فوجی عدالتوں کے لیے آئین میں ترامیم کی جائیں گی۔کانفرنس کےشرکاء نے تفصیلی غور کے بعد نیکٹا کو فوری فعال کرنے،وزیراعظم کی سربراہی میں قومی انسداد دہشت گردی کونسل کے قیام،میڈیا و انٹرنیٹ پر دہشت گردوں کی تشہیر پر پابندی،مدارس اصلاحات،کالعدم تنظیموں کی نئے ناموں اور ان کے رہنماؤں کے خلاف فوری کارروائی،انتہائی مطلوب افراد کی نئی ریڈ بک کی تیاری، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے اور نفرت انگیز مواد اوراشتعال انگیزتقاریر پرانسداد دہشت گردی قوانین کے تحت کارروائیوں سمیت دیگر سفارشات کی منظوری دے دی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.