تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:14

ڈیلس:34سیاسی و ادبی تنظیموں کا سانحہ پشاور کیخلاف مظاہرہ

جیو نیوز - ڈیلس (راجہ زاہد اختر خانزادہ) ڈیلس ڈائون ٹائون میں کینڈی میموریل کے سامنے سانحہ پشاور کی یاد میں امریکا کی غیر سرکاری تنظیم سائوتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کی دعوت پر پاکستان کی تمام بڑی سیاسی پارٹیوں سمیت 34 سے زائد ادبی تنظیموں کا سیاسی اختلاف بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک ساتھ ظالبان کے خلاف اتحاد کا بھرپور مظاہرہ‘ ملک میں جاری لاقانونیت کو فوری طور پر کچلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈیلس کی غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے پاکستان میں سانحہ پشاور کے شہید طالب علموں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ظالمان کے ظلم کے خلاف ریلی اور مظاہرے کا اعلان کیا گیا ،جس میں تمام پاکستانی نمائندہ تنظیموں‘ سیاسی پارٹیوں‘ سماجی‘ ادبی انجمنوں کو شرکت کی دعوت دی ، جسے تمام سیاسی‘ سماجی‘ ادبی انجمنوں نے قبول کرتے ہوئے اس پروگرام میں شرکت کی۔ شرکت کرنے والی سیاسی پارٹیوں اور سماجی‘ ادبی انجمنوں میں آل پاکستان مسلم لیگ‘ پاکستان پیپلز پارٹی‘ پاکستان تحریک انصاف‘ پاکستان مسلم لیگ (ن)‘ النور انٹرنیشنل‘ امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس‘ امریکن ٹوگیدر‘ انجمن سرکار وفا‘ ایشین رائٹر فورم‘ کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشن (DFW)‘ ڈیلس پیس سینٹر‘ فن ایشیا ریڈیو‘ علم سینٹر پلانو‘ مسلم کمیونٹی سینٹر فار ہیومن سروسز‘ مسلم ڈیموکریٹک کاکس ٹیکساس‘ متحدہ قومی موومنٹ ‘ پاکستان امریکن ایسوسی ایشن آف ٹیکساس‘ پاکستان عوامی تحریک ‘ پاکستان کرسچئن کلچرل آرگنائزیشن‘ پاکستان کمیونٹی سروسز‘ پاکستان کونسل آف ڈی ڈیف ڈبلیو‘ پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس (PSNT)‘ پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی آف ٹیکساس ڈیلس‘ اینڈ آرلنگٹن‘ پاکستان امریکن لائیر ایسوسی ایشن‘ قراقرم تھنکر فورم‘ ریڈیو ہاٹ پیپر‘ سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ (DFW)‘ ٹیکساس احمدیہ ایسوسی ایشن‘ ٹیکساس پاکستانی ایسوسی ایشن‘ انڈیا ایسوسی ایشن آف نارتھ ٹیکساس‘ فائونڈیشن فار پلورزم کے عہدیداران اور رہنماء شریک ہوئے ۔جنہوں نے ایک ساتھ جمع ہو کر پشاور سانحہ کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں اورخطاب میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کرنے والوں کو فوری طور پر کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ اس موقع پر تمام تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے والی تنظیم سائوتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے رہنمائوں سید فیاض حسن‘ امیر مکھانی نے آنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایک ساتھ جمع ہونے پر اُن سے اظہار تشکر کیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب ایک دوسرے کی مخالف سیاسی‘ سماجی اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران ایک نکاتی ایجنڈے پر ایک ساتھ جمع ہو کر اس مظاہرہ اور شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں اپنے تمام اختلافات بھلا کر ایک ساتھ جمع ہوئے۔ اس موقع پر انڈین‘ سکھ کمیونٹی اور مقامی امریکیوں نے بھی پاکستانی کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی میں شرکت کی اور سانحہ پشاور پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ شرکاء ریلی نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر ملک سے دہشت گردی کی فضا کو ختم کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے جس کے لئے پوری قوم اور بین الاقوامی برادری ان کے ساتھ ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.